سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کی تیاریاں، سعودی عرب سے کل خصوصی مہمان کی آمد ہو گی

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پرکل منگل کے روز پاکستان پہنچیں گے

muhammad ali محمد علی پیر 26 جولائی 2021 19:58

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کی تیاریاں، سعودی عرب سے کل خصوصی مہمان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی2021ء) سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کی تیاریاں، سعودی عرب سے کل خصوصی مہمان کی آمد ہو گی، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پرکل منگل کے روز پاکستان پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کی کل پاکستان آمد پر ان کا بہترین استقبال کرنے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ فیصل بن فرحان دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی قیادت سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ سے متعلق بات چیت کریں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر روابط کا تسلسل ہے۔

اس کا آغاز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے ہوا تھااوراس کے بعد پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ولی عہد شہزادہ محمد کے فروری 2019ء میں اسلام آباد کے دورے کے موقع پر سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں 20 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے کیے تھے۔وزیراعظم عمران خان نے مئی میں پاکستان کے وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد کے ساتھ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔

اس دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ سے متعلق متعدد سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔ اب سعودی وزیرخارجہ کے دورے کے موقع پران سمجھوتوں پرپیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔اس میں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔ جبکہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے شیڈول کے حوالے سے بھی معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فیصل بن فرحان کے ہمراہ سینئر سعودی حکام کا وفد بھی پاکستان پہنچے گا،دورے میں دونوں وزرائے خارجہ باہمی تعلقات کے تمام پہلوئوں، علاقائی اور عالمی معاملہ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ترجمان نے کہاکہ سعودی وزیر خارجہ دورے میں دیگر پاکستانی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے،مئی میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے تناظر میں سعودی وزیر خارجہ کا دورہ اہمیت کا حامل ہے۔ ترجمان نے کہاکہ دورہ دونوں ممالک کے قیادت کے ویژن کے مطابق باہمی تعاون کے فروغ کے جائزے کا بروقت موقع فراہم کرے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ, برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں ۔