مسلم لیگ(ن) دھاندلی کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتی ،جمال شاہ کاکڑ

پارٹی قیادت کی جانب سے جو بھی ہدایت دی گئی مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی قیادت اور کارکن اس پر لبیک کہتے ہوئے صف اول میں کھڑے ہونگے مریم نواز شریف کو مستعفی ہونے کا مشورہ دینے والے کس منہ سے یہ بات کر رہے ہیں انہیں معلوم ہے 2018کی تاریخ دہرا کر زبردستی الیکشن جتوایا گیا ،صدر مسلم لیگ (ن) بلوچستان

پیر 26 جولائی 2021 22:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں پارٹی کے مینڈیٹ کو اکثیر یت سے اقلیت میں تبدیل کرنے کے عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) دھاندلی کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتی پارٹی قیادت کی جانب سے جو بھی ہدایت دی گئی مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی قیادت اور کارکن اس پر لبیک کہتے ہوئے صف اول میں کھڑے ہونگے، مریم نواز شریف کو مستعفیٰ ہونے کا مشورہ دینے والے کس منہ سے یہ بات کر رہے ہیں انہیں معلوم ہے کہ 2018کی تاریخ دہرائی کر زبردستی الیکشن جتوایا گیا ،مشکل حالات میں ثابت قدم رہنے والے رہنمائوں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، یہ بات پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ کی زیر صدارت ہونے والے پارٹی کی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کہی گئی ، اجلاس میں ارض محمد بڑیچ، نصیر خان اچکزئی، ملک اسد سمالانی، حیدر خان اچکزئی، عادل ساتکزئی، وارث اچکزئی ، سردار دودا خان شاہوانی، شکیب علیزئی ، شاکر محمد حسنی، حاجی شنو گل خلجی، لیاقت راجپوت، عبدالوہاب اٹل ، طارق گل سمیت دیگر نے شرکت کی، اجلاس کے شرکاء نے متفقہ طور پر آزاد کشمیر کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے اسے دھاندلی اور مسلم لیگ(ن) کا مینڈیٹ چھننے کا عمل قرار دیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی انتخابی مہم کے دوران کشمیری عوام نے مریم نواز شریف کی بھر پور انداز میں پذیرائی کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کا واضح طور پر ساتھ دینے کا عہد کیا آزاد کشمیر کی عوام نے تو انتخابات سے پہلے ہی مسلم لیگ(ن) کے حق میں فیصلہ دے دیا تھا جس کے بعد بوکھلاہٹ کی شکار حکومت نے دھاندلی کرنے کا منصوبہ بنایا اور ایک بار پھر 25مئی 2018کی طرح ہمارا مینڈیٹ چھین کر پی ٹی آئی کو زبردستی دیا گیا انہوں نے کہا کہ کشمیر کے طو ل و عرض میں میاں نواز شریف بستے ہیں لیکن گزشت روز جو کچھ بھی ہوا ہمیں وہ معلوم ہے مسلم لیگ(ن) بلوچستان یکسر طور پر انتخابی نتائج کو مسترد کرتی ہے اور یہ اعلان کرتی ہے کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر سب سے پہلے بلوچستان کے عہدیدار اور کارکن مرکزی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پولنگ کیمپ سے 150پرچیاں کاٹی گئیں مگر ہمارے ووٹ نتائج میں کم ہوگئے یہ کیسے ممکن ہے کہ جب لوگ خود مسلم لیگ(ن) کیمپ میں چل کر آئے مگر ووٹ کسی اور کو ڈالے گئے کوئٹہ میں بھی ہمارے ووٹوں کی چوری ہوئی ہے انہوں نے سخت حالات میں بھی آزاد کشمیر انتخابات میں ڈٹ کر حصہ لینے والے پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں شاباش دی ۔