پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بہت بہتری آئی ہے ‘ حافظ طاہرمحمود اشرفی

مصر ، متحدہ عرب امارات ،عراق، مملکت سعودی عرب سے گزشتہ دس سالوں سے زیادہ بہتر تعلقات ہوئے ہیں‘ معاون خصوصی

پیر 26 جولائی 2021 22:58

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) کشمیر کی عوام نے جو فیصلہ کیا ہے یہ پاکستان کے ساتھ کشمیر کی عوام کی محبت اور پیار ہے اور انہوں نے صحیح قیادت کا فیصلہ کیا ، ہم پاکستان علما ء کونسل اور اتحادی جماعتوں کی طرف سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان صاحب کو اور آزاد کشمیر کی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، کل کی کامیابی سب کیلئے خوشی کا سبب بنی ہے اور جس طرح عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے ، ان شا اللہ وہ دن آئے گا جب کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملے گا ۔

نور مقدم کا واقعہ جو اسلام آباد میں ہوا ہے اور ملک میں دیگر جگہوں پر عورتوں کے حوالے سے جو واقعات ہوئے ہیںاور ہو رہے ہیں وہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہیں،والدین کو اپنے بچوں کا اور بچوں کا والدین کا خیال کرنا ہو گا، بچوں اور والدین کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانا ہوگا،ہم وزیر اعظم پاکستان اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ ایسے واقعات کا اسپیڈ ی ٹرائل ہو اور سر عام سزائیں دی جائیں اورقرآن و سنت کے مطابق ان کو سزائیں دی جائیں تو ان شا اللہ اس ملک کے اندر یہ واقعات ختم ہو جائیں گے، اسلام نے بیٹی ، بہن ، بیوی کو سر کا تاج بنا یا ہے پائوں کی جوتی نہیں بنایا ہے،یہ جاہلیت کا تصور ہے کہ عورت پائوں کی جوتی ہے ، عورت ماں ، بیوی، بہن کے روپ میں ہے ، اسلام نے عورت کو عزت دی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا محمد نعمان حاشر ، مولانا محمد قاسم قاسمی ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا ابو بکر صابری ، مولانا ذوالفقار ، مولانا شہباز ، مفتی حفیظ الرحمن ، مولانا نائب خان ، مولانا افضل شاہ حسینی ، صاحبزادہ ثاقب منیراور دیگر بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بہت بہتری آئی ہے ، مصر ، متحدہ عرب امارات ،عراق، مملکت سعودی عرب سے گزشتہ دس سالوں سے زیادہ بہتر تعلقات ہوئے ہیں۔ کل مملکت سعودی عرب کے وزیر خارجہ امیر فیصل بن فرحان پاکستان اپنے وفد کے ساتھ تشریف لا رہے ہیں۔وزیر خارجہ سعودی ورب کا دورہ پاک سعودی عرب تعلقات کے استحکام اور مضبوطی کی عظیم دلیل ہے اور ہم اپنے مہمان کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں گے ۔

ہم سمجھتے ہیں وہ اپنے دوسرے گھر تشریف لا رہے ہیں۔ پاکستان کی حکومت ، عوام ، علما و مشائخ سعودی عرب کی طرف سے اس سال حج کے بہترین انتظامات کرنے اور عمرہ کھولنے پر خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان علما کونسل متحدہ علما بورڈ ، متحدہ ، جمعیت اہلحدیث ، جمعیت علما اسلامیہ ، شیعہ علما کونسل اور ملک کے مقتدر علما کرام نے پیغام پاکستان پر دستخظ کیے تھے۔

پیغام پاکستان ، آئین پاکستان کے بعد ایک متفقہ دستاویز ہے ۔ الحمدللہ پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر محرم الحرام میں عمل کیا جائے گا۔ کسی کو دوسرے مذہب کے مقدسات کی توہین نہیں کرنے دی جائے گی ۔ اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں اور اسی پر عملدرآمد ہو گا۔ پاکستان میں گذشتہ سات ماہ کے اندر کوئی مذہبی فساد نہیں ہوا۔ متحدہ علما بورڈ اور نمائندہ خصوصی برائے وزیر اعظم پاکستان کے دفتر میں محرم الحرام کے حوالے سے رابطہ آفس قائم کیا گیا ہے ۔28 جولائی سے پورے ملک کا دورہ کر رہے ہیں ۔