کورین کمپنی پاکستان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے لیے چارجنگ اور اسٹوریج سلوشنز فراہم کرے گی

پیر 26 جولائی 2021 23:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) پاکستان میں قابل تجدید توانائی پر مبنی عالمی معیار کے سلوشنز فراہم کرنے والی کمپنی Zi Solar Private Ltd. نے گلوبل ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ اپنی شراکت داری کو وسیع کرتے ہوئے کوریا کی aeonus Co., Ltd کے ساتھ اشتراک عمل کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں۔ اس یادداشت کے تحت ہونیو الی شراکت داری کے تحت Zi Solar کورین کمپنی aeonus Co., Ltd کے پاکستان میں ایکسکلوزیو پارٹنر کی حیثیت سے بجلی سے چلنے والی کاروں کی چارجنگ کے لیے کورین ٹیکنالوجی پر مشتمل جدید سلوشنز اور ایکوپمنٹ فراہم کریگی۔

دنیا میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ ایکوپمنٹ اور سلوشنز فراہم کرنے والی صف اول کی کمپنیوں میں شامل کورین کمپنی کے ساتھ Zi Solarکی شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں جو سلوشنز متعارف کرائے جائیں گے ان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے لیے 50kW پاور کے تیز رفتار (لیول 3) ڈی سی چارجرز، 7kWپاور کے (لیول 2) اے سی وہیکل چارجرز اور اسمارٹ موبلیٹی چارجنگ آؤٹ لیٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس شراکت داری کے نتیجے میں کورین کمپنی پاکستان میں Zi Solar کے ذریعے شمسی توانائی سے چلنے والے چارجنگ سسٹم اور الیکٹرک انرجی اسٹوریج سسٹم بھی متعارف کرائیگی۔ کوریا اور پاکستان کی کمپنیوں کا یہ اشتراک عمل حکومت پاکستان کے بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ اور تیل کے امپورٹ بل میں کمی لانے کے ویژن سے مکمل مطابقت رکھتی ہے۔

یہ شراکت داری پاکستان الیکٹرک وہیکل پالیسی 2020-2025کے مقاصد کے حصول میں بھی مدد فراہم کریگی جن کے مطابق پاکستان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کا مارکیٹ شیئر 2030تک 30فیصد اور 2040تک 90فیصد کی سطح پر لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب کوریا ٹریڈ انویسٹمنٹ ایجنسی کے کراچی میں واقع دفتر میں منعقد ہوئی، اشتراک عمل کی یادداشت پر Zi Solarکے ڈائریکٹر بزنس ڈیولپمنٹ ایم بلال ضیغم، Zi Solar کے سی ای او محمد فاروق، کورین کمپنی aeonus Co., Ltd. کے مسٹر ڈینئیل، aeonus Co., Ltd. کے سی ای او Eun Heo نے دستخط کیے۔

تقریب میں Zi Solar کے ڈائریکٹر ضیغم حسن نے قطر اور Zi Solar کے بانی چیئرمین ضیغم محمود رضوی نے امریکا سے آن لائن شرکت کی۔ تقریب میں کوریا ٹریڈ انویسٹمنٹ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل Sung Jae Kimاور ان کی ٹیم نے بھی شرکت کی۔ Zi Solar اور کورین کمپنی aeonus Co. Ltd.کے سی ای اوز نے اس شراکت داری کو ممکن بنانے میں سیؤل میں پاکستانی سفارتخانہ کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

اس شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے Zi Solarکے ڈائریکٹر بزنس ڈیولپمنٹ ایم بلال ضیغم نے کہا کہ کورین کمپنی aeonus Co., Ltd کے ساتھ ہماری شراکت داری پاکستان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی افادیت کو بڑھانے میں سنگ میل کا کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہا کہ 2015میں اپنے قیام کے بعد بہت تھوڑے عرصے میں Zi Solarنے قابل تجدید توانائی سے متعلق سلوشنز اور ٹیکنالوجیز کی فراہمی میں نمایاں حیثیت حاصل کرلی ہے۔

Zi Solar عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور ایکوپمنٹ مینوفیکچررز کے ساتھ براہ راست شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں اعلیٰ معیار کے سولر سسٹم اور ایکوپمنٹ فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں تیزی سے جگہ بنارہی ہیں اور اس رجحان کو پائیدار بنانے کے لیے چارجنگ سلوشنز اور ایکوپمنٹ کی طلب بھی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورین کمپنی aeonus Co., Ltd کے ساتھ شراکت کے ذریعے پاکستان میں اسٹیٹ آف دی آرٹ چارجنگ ٹیکنالوجیز متعارف کرانے میں مدد ملیگی جس سے ایندھن پر اٹھنے والے زرمبادلہ کی بچت کے ساتھ ماحول کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔

کورین کمپنی aeonus Co., Ltd کے سی ای او Eun Heo نے اس شراکت داری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے سلوشنز فراہم کرنے والی صف اول کی کمپنیوں میں شامل Zi Solar کا انتخاب ہمارے لیے قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی صارفین کی روز مرہ زندگیوں کو تبدیل کرنے کے لیے صارفین کی ضرورت اور ترجیحات پر مبنی سلوشنز پیش کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

aeonus Co., Ltd دنیا میں رونما ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جدت پر مبنی ٹیکنالوجی سلوشنز مہیا کرکے ایک محفوظ اور بہترین معاشرہ تشکیل دینے کے لیے کمیونٹیز کو بااختیار بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورین ٹیکنالوجی پر مبنی جدید الیکٹرک وہیکل چارجنگ ایکوپمنٹ اور سلوشنز کی فراہمی بھی اسی مشن کا حصہ ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ Zi Solarکے ساتھ ہونے والی شراکت داری کے طویل مدتی فوائد حاصل ہوں گے اور یہ شراکت داری پاکستان میں ماحول دوست گاڑیوں کے فروغ کے لیے مضبوط ایکو سسٹم کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریگی۔اس شراکت داری کے تحت aeonus Co., Ltd اور Zi Solar پاکستان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی چارجنگ کے انفرااسٹرکچر اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، مارکیٹنگ اور تشہیر میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی۔