محمد عثمان کاکڑ کی شہادت کے سانحہ کے خلاف پارٹی کے جاری احتجاجی تحریک کے سلسلے میں پشین کے تاج لالا فٹبال گرائونڈ میں احتجاجی جلسہ

پیر 26 جولائی 2021 23:19

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری وصوبائی صدر ملی اتل ملی شہید محمد عثمان کاکڑ کی شہادت کے سانحہ کے خلاف پارٹی کے جاری احتجاجی تحریک کے سلسلے میں گزشتہ روز پشین کے تاج لالا فٹبال گرائونڈ میں عظیم الشان احتجاجی جلسہ عام پارٹی چیئرمین اور پی ڈی ایم کے مرکزی نائب صدر محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

جلسہ عام میں پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن وضلعی ڈپٹی سیکرٹری پشین عبدالحق ابدال نے قراردادیں پیش کی اور جلسہ عام میںشریک تمام عوام نے اس کی باقاعدہ ہاتھ اٹھاکر منظوری دی ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ملی اتل ملی شہید محمد عثمان کاکڑ پشتونخوامیپ اور پشتون قومی سیاسی تحریک کے ایک عظیم رہنماء تھے ان کی شہادت کی عظیم قومی سانحہ کے بعد پشتون افغان ملت کے علاوہ ملک کے اقوام وعوام اور خطے ودنیا کے ممالک میں ان کی شہادت کے ملی سانحہ پر کروڑوں عوام نے اپنے غم اور غصے پر مبنی تاریخی رد عمل ریکارڈ پر لایا ہے۔

(جاری ہے)

جس سے ثابت ہوا کہ اس عظیم ملی شہید کو ملکی اور عالمی سطح پر عزت واحترام کا بلند وبالا مقام حاصل ہے اس لیئے ضلع پشین کے عوام کا یہ عظیم الشان جلسہ مطالبہ کرتا ہے کہ ملی شہید محمد عثمان کاکڑ کی شہادت کی عظیم سانحہ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن قائم کی جائے یا اقوام متحدہ کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائے اور قاتلوں کو قرار واقعی سزادلائی جائے۔

دوسری قرارداد میں پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے کے معصوم 11سالہ فرزند اولس یار خان کو اغواء کرنے کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے ملوث ریاستی اغواء کاروں کو گرفتارکرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔