لاہور، چور ساڑھے 27 لاکھ روپے مالیت کا جہیز کا سامان لے اڑے

اہل خانہ شمالی علاقہ جات کی سیر کو گئے ہوئے تھے کہ اس دوران 6 سے 7 افراد نے تالے توڑ کر 20 تولے زیور، 3 ایل سی ڈیز، قیمتی ملبوسات اور الیکٹرونکس اشیاء چوری کرلیں۔ پولیس

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 جولائی 2021 12:44

لاہور، چور ساڑھے 27 لاکھ روپے مالیت کا جہیز کا سامان لے اڑے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جولائی 2021ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں چور ایک گھر سے ساڑھے 27 لاکھ روپے مالیت کا جہیز کا سامان لے اڑے۔ اس حوالے سے موصولک ہونے والی تفصیلات میں پولیس نے بتایا ہے کہ ہربنس پورہ کے رہائشی کبیر کے اہل خانہ شمالی علاقہ جات کی سیر کو گئے ہوئے تھے کہ اس دوران 6 سے 7 افراد نے تالے توڑ کر 20 تولے زیور، 3 ایل سی ڈیز، قیمتی ملبوسات اور الیکٹرونکس اشیاء چوری کرلیں ، اہل خانہ کی غیر موجودگی میں گھر میں چوری کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ چوروں کی تلاش بھی شروع کردی گئی ہے جس کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں سے ملزمان کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

دوسری طرف لاہور ہی کے پوش علاقے ڈیفنس سکس میں رہائش پذیر قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ اولمپیئن طاہر زمان کے گھر بھی چوری کی واردات ہوگئی ، پولیس ذرائع کے مطابق 52 سالہ طاہر زمان اس وقت ٹوکیو اولمپکس کے سلسلے میں جاپان گئے ہوئے ہیں جب کہ ان کی فیملی اپنے آبائی علاقے گوجرہ میں عید منانے گئی ہوئی تھی ، جب ان کی فیملی عید منا کر گوجرہ سے واپس گھر آئی تو انہیں دروازے ٹوٹے ہوئے اور گھر میں سامان بکھرا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ طاہر زمان کے اہل خانہ کے مطابق چور گھر سے 14 تولے طلائی زیورات، لاکھوں روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہو گئے ہیں ، تھانہ ڈیفنس سی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ، واضح رہے کہ طاہر زمان ورلڈ کپ 1994ء کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے اور 1992ء میں بارسلونا میں ہونے والے سمر اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم میں بھی شامل تھے ۔