امید ہے سعودی عرب پاکستانیوں کی ویزہ پابندیوں پر نظر ثانی کرے گا ، شاہ محمود قریشی

پاکستان اور سعودی عرب میں یکساں مذہبی ، ثقافتی اوربرادرانہ مراسم ہیں ، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے ایشوز سے متعلق بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ کی سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے ہمراہ پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 جولائی 2021 13:12

امید ہے سعودی عرب پاکستانیوں کی ویزہ پابندیوں پر نظر ثانی کرے گا ، شاہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جولائی 2021ء ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں یکساں مذہبی ، ثقافتی اوربرادرانہ مراسم ہیں ، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ، امید ہے سعودی عرب پاکستانیوں کی ویزہ پابندیوں پر نظر ثانی کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزیرخارجہ فیصل شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی ، ملاقات میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا اس کے علاوہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے ایشوز سےمتعلق بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی عرب کے لیے والہانہ عقیدت ہے، سعودی عرب کی خوشحالی اور تعمیر و ترقی کو اپنی ترقی سے تعبیر کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب کا موقف قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سعودی وزیرخارجہ فیصل شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ میرا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے، پرتپاک استقبال کرنے پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا مشکور ہوں ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں، پرتپاک استقبال کرنے پر حکومت پاکستان کامشکور ہوں، ہمارے درمیان انتہائی خوش گوار ماحول میں بات چیت ہوئی، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، دونوں ملک مشترکہ تعلقات بڑھانے کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

قبل ازیں سعودی وزیرخارجہ فیصل شہزادہ فیصل بن فرحان السعود پاکستان پہنچے تو اس موقع پر وزار ت خارجہ کے سینئر حکام نے سعودی وزیر خارجہ کا استقبال کیا جب کہ سعودی سفیرنواف سعید المالکی بھی استقبال میں موجود تھے ، اپنے دورے کے دوران پرنس فیصل بن فرحان وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے ، ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسی کے امور پر بات چیت ہو گی۔