خون سفید ہو گیا، چھوٹے بھائی نے بھائی، بھابھی اور بھتیجے کو قتل کر دیا

ملزم وقاص وکیل ہے جو موقع سے فرار ہو گیا، گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 27 جولائی 2021 13:55

خون سفید ہو گیا، چھوٹے بھائی نے بھائی، بھابھی اور بھتیجے کو قتل کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جولائی 2021ء) : اسلام آباد میں ایک چھوٹے بھائی نے اپنے بڑے بھائی ، بھابھی اور بھتیجے کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تھانہ شمس کالونی کے علاقہ H-13 کے نواحی گاؤں بوکراں میں بھائی کی فائرنگ سے بھائی، بھابھی اور بھتیجا جاں بحق ہوئے جب کہ ایک شخص زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد میں وکالت کرنے والے وقاص نامی غیر شادی شدہ نوجوان نے اپنے بڑے بھائی ، بھابھی اور بھتیجے کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ تہرے قتل کی اس واردات کی وجہ مبینہ طور پر گھریلو جھگڑا اور خاندانی تنازعہ ہے۔ مقتول خاندان کا تعلق میانوالی سے ہے جس میں ملزم وقاص وکیل ہے اور اسلام آباد میں وکالت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم وقاص اور مقتولین ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھے، ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جنہوں نے جگہ جگہ ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد ہی قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں جرائم کی شرح میں کئی گنا اضافہ ہو رہا ہے۔ آئے روز ایسے واقعات سننے میں آتے ہیں جہاں کبھی شوہر اپنی بیوی اور بچوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیتا ہے تو کبھی خواتین گھریلو ناچاقیوں سے تنگ آ کر اپنے شوہر کی جان لے لیتی ہیں لیکن اس سب میں بچے پستے ہیں، اوراس طرح کے واقعات ان کی ذہنی صحت پر بُرے اثرات ڈالتے ہیں۔

لاہور سمیت پنجاب کے شہری علاقوں میں جرائم کی شرح غیرمعمولی طور پر بڑھ گئی ہے۔ پولیس کے اعداد وشمار کے مطابق سنگین جرائم میں 25 فیصد اضافہ ہوا ۔ گذشتہ برس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رواں سال میں چوری، ڈکیتی، قتل، اقدام قتل سرقہ بالجبر ، زنا اور گاڑی چوری کے 2500 کے قریب واقعات رپورٹ ہوئے۔ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں پشاور، کوئٹہ ، فیصل آباد، حیدرآباد، ملتان، سکھرمیں جرائم پیشہ افراد نے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں روزانہ آٹھ سے زائد بچے جنسی استحصال کا نشانہ بن رہے ہیں ۔ جبکہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں 105 افراد قتل ہوئے ہیں۔ یہ تعداد گذشتہ پورے سال کے مقابلے میں تین فیصد زیادہ ہے۔