سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کے الزام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی

جس شخص نے ایک دن بھی جیل میں نہیں گزارا، اس کی ضمانت جیل میں مشکلات کی بناء پر کیسے منظور کی جا سکتی ہی ، ماتحت عدالت ریفرنس پر فیصلہ جلد کرے ، عدالت عالیہ

منگل 27 جولائی 2021 15:04

سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کے الزام میں پاکستان پیپلز ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کے الزام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی درخواستِ ضمانت مسترد کر تے ہوئے اپنے فیصلے میں ہدایت کی ہے کہ ماتحت عدالت ریفرنس کا فیصلہ جلد کرے۔منگل کو عدالتِ عالیہ نے خورشید شاہ کی ضمانت سے متعلق 11 صفحات پر مشتمل فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بڑی حیران کن بات ہے کہ خورشید شاہ کو تمام سہولتیں ہسپتال میں ملی ہوئی ہیں، جس شخص نے ایک دن بھی جیل میں نہیں گزارا، اس کی ضمانت جیل میں مشکلات کی بناء پر کیسے منظور کی جا سکتی ہی عدالت نے کہا کہ ہمارے نظام کی خرابی ہے کہ ایک قیدی جیل میں سڑتا رہتا ہے، دوسرا قیدی سیاسی اثر کی وجہ سے تمام سہولتیں حاصل کرتا ہے، دونوں قیدیوں کی تکالیف میں بڑا فرق ہے۔

(جاری ہے)

فیصلے میں سندھ ہائی کورٹ نے سوال اٹھایا ہے کہ ایسا قیدی جو سہولتیں حاصل کرتا ہے اس کی ضمانت ہارڈ شپ پر کیسے منظور کی جا سکتی ہی خورشید شاہ کا سب جیل میں رہنا ہمارے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔عدالتِ عالیہ کا فیصلے میں کہنا ہے کہ 9 نومبر 2019ء کو خورشید شاہ کا عدالتی ریمانڈ ہوا، اسی روز سندھ حکومت نے این آئی وی ڈی سکھر کو سب جیل قرار دے دیا۔

فیصلے میں عدالت کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ سب جیل میں نارمل زندگی گزار رہے ہیں، ان کے وکیل نے کسی بیماری سے ان کی زندگی کو خطرے سے متعلق دلائل نہیں دیئے۔سندھ ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ مطلب، خورشید شاہ سب جیل میں تمام سہولتیں لے رہے ہیں، سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے تمام سہولتیں لی جا رہی ہیں۔عدالتِ عالیہ نے اپنے فیصلے میں ٹرائل کورٹ کو 6 ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کا حکم بھی دیا ہے اور کہا ہے کہ ملزمان کو شفاف ٹرائل کا پورا موقع دیا جائے، آئندہ سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور نہ کی جائے، ٹرائل کورٹ دلائل سن کر ریفرنس کا میرٹ پر فیصلہ کرے۔

سندھ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا ہے کہ عدالت خورشید شاہ کی درخواستِ ضمانت مسترد کرتی ہے۔واضح رہے کہ رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے اور ان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت سکھر میں زیرِ سماعت ہے۔