ْملک میں پاور لیفٹنگ کے فروغ کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ راشد ملک

ہم اپنے محدود وسائل سے ہی بین الاقوامی سطح پر کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت کے لئے بھیج رہے ہیں، میڈیا سے گفتگو

منگل 27 جولائی 2021 15:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) پاکستان پاور لیفٹنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل راشد ملک نے کہا ہے کہ ملک میں پاور لیفٹنگ کے فروغ کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاور لیفٹنگ کا کھیل ملک میں کافی مقبولیت اختیار کر چکا ہے اور اس کھیل کے فروغ کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کی اشد ضرورت ہے، راشد ملک نے کہا کہ اس پاور لیفٹنگ کے کھیل میں پاکستانی مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر کئی میڈلز حاصل کر رکھے ہیں لیکن ان کھلاڑیوں کو ابھی تک حکومتی سرپرستی حاصل نہیں ہے بلکہ ہم اپنے محدود وسائل سے ہی بین الاقوامی سطح پر کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت کے لئے بھیج رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسرکی مالی مدد کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے آ کر اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پاور لیفٹنگ فیڈریشن ہر سال مختلف موقعوں پر ایونٹ منعقد کروانے کے ساتھ ساتھ قومی پاور لیفٹنگ چیمپئین شپ کا انعقاد بھی کرتی ہے جن میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر،23 مارچ کو یوم پاکستان، 14 اگست کو جشن آزادی، 6 ستمبر کو یوم دفاع اور 25 دسمبر کو قائداعظم ڈے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس 2020 میں دنیا میں کرونا وائرس کے باعث یہ مقابلے منعقد نہ ہوسکے۔ اولمپک گیمز کے ویٹ لیفٹنگ ایونٹ میں طلحہ طالب کی شرکت کرکے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز میں طلحہ طالب کی کارکردگی مایوس کن نہیں ہے بلکہ پانچویں پوزیشن بھی اچھی کارکردگی ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں تعلیمی ادارے گراس روٹ سطح پر کھیلوں میں نرسری کا کردار ادا کرتے ہیں لیکن ہمارے ملک میں وہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ حکومت کو تعلیمی اداروں میں بھی کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانا چاہئے۔