کویت میں جعلی کرونا ویکسی نیشن سرٹیفیکٹ بنانے والا گروہ گرفتار

بغیر ویکسین لگوائے متاثرہ افرادجعلی سرٹیفیکیٹ کے ذریعے شاپنگ مالز اور عوامی مقامات میں داخل ہوسکتے تھے،وزارت صحت

منگل 27 جولائی 2021 15:40

کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) عرب ملک کویت میں جعلی کرونا ویکسی نیشن سرٹیفکٹ بنانے والے غیر ملکی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق رہائشی امور کی تفتیشی عمومی انتظامیہ کے افسران نے تارکین وطن نرسوں کے ایک منظم گروہ کو گرفتار کیا جو الجہرا اسپتال میں ڈھائی سو دینار کے عوض جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بناتے تھے۔

(جاری ہے)

کویت وزات صحت کے مطابق گروہ غیر قانونی طور پر جعلی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے افراد کو موبائل فون پر باضابطہ طور پر پیغام ارسال کرتے تھے کہ ویکسین موصول ہو چکی، جس کے بدلے انہیں 250 دینار کی رقم ادا کرنا ہوتی تھی، اس کے بعد انہیں سرٹیفکیٹ موصول ہوجاتا تھا اور وہ باآسانی سرٹیفکیٹ پرنٹ کرکے اور بغیر ویکسین حاصل لئے شاپنگ مالز اور عوامی مقامات میں داخل ہوسکتے تھے جو عوامی صحت اور ملک کی صحت کی صورتحال کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے تمام مصدقہ معلومات کی بنیاد پر اس گروہ کے خلاف کارروائی کی، کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ ملوث افراد میں الجہرہ اسپتال کا اسٹاف رکن بھی شامل ہے۔