نذیر چوہان کے ایف آئی اے کو دیئے گئے بیان کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

جو بیان ٹی وی پر چل رہا ہے، وہ میری آواز نہیں ہے، پی ٹی آئی کے ناراض ایم پی اے کا بیان ۔۔ ایف آئی اے نے نذیر چوہان کی وائس میچنگ کے لیے آڈیو کلپ اسلام آباد بھجوا دیا۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 جولائی 2021 16:48

نذیر چوہان کے ایف آئی اے کو دیئے گئے بیان کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جولائی 2021ء ) پاکستان تحریک انصاف جہانگیر ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کی طرف سے ایف آئی اے کو دیئے گئے بیان کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کو حراست میں لیکر ایف آئی اے سائبر کرائم سیل میں پیش کیا گیا ، ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم فرانزک ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نے نذیر چوہان سے انکوائری کی اور ایم پی اے کا بیان ریکارٖڈ کیا۔

میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے ناراض ایم پی اے نذیر چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ جو بیان ٹی وی پر چل رہا ہے، وہ میری آواز نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے میں نذیر چوہان کے واٹس ایپس اور آڈیو میسجز کا بھی جائزہ لیا گیا ، ایف آئی اے سائبر کرائم کے فرانزک ڈیپارٹمنٹ نے تمام شواہد اکھٹے کیے ، ایف آئی اے نے نذیر چوہان کی وائس میچنگ کے لیے آڈیو کلپ اسلام آباد بھجوا دیا کیوں کہ لاہور میں آوازکا تجزیہ کرنے والا سافٹ ویئر دستیاب نہیں ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر کی درخواست پر جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی سیکریٹری اور رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ، شہزاد اکبرکی طرف سے 20 مئی کو لاہور کے تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ، جس میں وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ نے موقف اختیار کیا کہ جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان نے ایک ٹی وی پروگرام میں مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے ، ان الزامات سے میری زندگی کوخطرہ ہوسکتا ہے ، نذیرچوہان کی گفتگوکا مطلب کرپشن کے خلاف کام کی حوصلہ شکنی ہے، اس لیے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرکے سخت کارروائی کی جائے۔