مودی حکومت ایک ایک کشمیری کو قتل کرنے کی طویل مدتی پالیسی پر عمل پیرا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

منگل 27 جولائی 2021 17:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی کی قیادت میں فسطائی بھارتی حکومت نے متنازعہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی غرض سے کشمیریوںکو ایک ایک کرکے قتل کرنے کی طویل مدتی پالیسی بنا رکھی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال کو انتہائی خطرناک قراردیا ہے جہاں دس لاکھ کے قریب قابض بھارتی فوجی لوگوں کے بنیادی حقوق روند رہے ہیں۔

انہوں نے عید الاضحی کے مقدس دنوں میں بھی بھارتی فورسز کی طرف سے محاصروں اورتلاشی کارروائیوں اور قتل وغارت کی شدید مذمت کی ۔

(جاری ہے)

حریت رہنما نے گزشتہ ہفتے عید کے دنوں میں سوپور، بانڈی پورہ،کولگام اور دیگر علاقوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے افسوس کا اظہارکیاکہ بھارت موجودہ دور میں بھی کشمیر میں ظلم وبربریت کیلئے فوجی طاقت کے ہتھکنڈے کو اسی طرح استعمال کررہا ہے جس طرح انسانی تاریخ کے دور جاہلیت میں استعمال کیاجاتا تھا۔

حریت رہنما نے 1947 سے تحریک مزاحمت کے شاندار ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کچلنے کیلئے ہرممکن ہتھکنڈے استعمال کئے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں بری طرح ناکام ہوچکاہے۔ انہوں نے کہا کہ دس لاکھ قابض بھارتی فوجیوں کی موجودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس کی فوری مداخلت کا تقاضا کرتی ہے تاکہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے اور کشمیریوں کی خواہش اورمرضی معلوم کرنے کیلئے علاقے میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کرایا جائے۔

انہوں نے حق خودارادیت کے جائز مطالبے پر کشمیریوں کے قتل عام میں مصروف عمل بھارتی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر یعنی بھارتی صدرکے دورہ کشمیر کے خلاف پرامن احتجاج کیلئے ہڑتال کرنے پر حریت پسند کشمیری عوام کا شکریہ ادا کیا۔غلام احمد گلزار نے کہا کہ کشمیر ی عوام نے باربار بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی مزاحمت کا اظہارکیا اور جانی ، مالی اور عزت وعصمت کی بے مثال قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام کو فوجی قوت کے بل پر اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ دریں اثناء جموں و کشمیرما س موومنٹ کے رہنماؤں فریدہ بہن جی، مولوی بشیر احمد عرفانی، پریس سیکرٹری عبدالمجید میر اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ نے اپنے بیانات میں اسلام آباد قصبے میں شہید کمانڈر سجاد کینو کے والد غلام قادر کینو کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جموں و کشمیر پیپلز لیگ کاایک وفد مرحوم کے گھر گیا اور سوگوار خاندان سے اظہارہمدردی کیا۔