نواز شریف اور حمد اللہ محب کی ملاقات افغان صدر کی درخواست پر ہوئی، شاہد خاقان عباسی

ملاقات پاکستان کے نقطہ نظر کیلئے ہے ، اس سے ملک کے مؤقف کو تقویت ملے گی، سابق وزیر اعظم

منگل 27 جولائی 2021 18:41

نواز شریف اور حمد اللہ محب کی ملاقات افغان صدر کی درخواست پر ہوئی، شاہد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی کی درخواست پر نواز شریف نے افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حمداللہ محب سے ملاقات کی تھی۔ایک انٹرویومیں سابق وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے لندن میں نواز شریف سے ملاقات کے لیے درخواست کی تھی، یہ دعوت نامہ 5 ماہ قبل آیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملاقات طے ہونے کے بعد حمد اللہ محب کی طرف سے متنازع بیان سامنے آیا جس کی پاکستان نے مذمت کی اور یہ بہت اچھا ہوا، پورے پاکستان نے اس کی مذمت کی تھی تاہم تعلقات دو ملکوں کے درمیان ہیں نہ کہ دو شخصیات کے درمیان۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفد سابق وزیر اعظم سے ملنے آیا تھا اور یہاں تک کہ اگر کوئی آپ کا دشمن ہو اور آپ کے دروازے پر آتا ہے تو آپ ان سے ملتے ہیں ،افغانستان ہمارا دوست ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حمداللہ محب ایک وفد کا حصہ تھے جو سفارتخانے کے عہدیداروں، وزرا پر مشتمل تھا اور انہوں نے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ اس ملاقات سے نواز شریف دوطرفہ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں اور مجھے اٴْمید ہے کہ اس میں بہتری آئے گی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ ملاقات پاکستان کے نقطہ نظر کے لیے ہے اور اس سے ملک کے مؤقف کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے 25 جولائی کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں شکست کی وجہ حمد اللہ محب سے نواز شریف کی ملاقات کو ٹھہرانے کے حکومتی دعوے کو مسترد کیا۔انہوںنے کہاکہ انتخابات کے نتائج میں اس ملاقات کی عکاسی نہیں ہوئی اور نہ ہی ہماری انتخابی مہم کے دوران کسی نے بھی یہ مسئلہ اٹھایا۔