آئی جی پنجاب کی زیر صدارت منی لانڈرنگ کے سدباب کیلئے پنجاب پولیس ،ایف آئی اے کا اعلی سطحی اجلاس

ایف اے ٹی ایف کی جانب سے دئیے گئے اہداف کیلئے پنجاب پولیس اور ایف آئی اے مشترکہ کاروائیاں کریں گے منی لانڈرنگ سے دہشت گردوں کو فنانسنگ کرنے والے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘ آئی جی پنجاب

منگل 27 جولائی 2021 20:08

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت منی لانڈرنگ کے سدباب کیلئے پنجاب پولیس ،ایف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ سرمائے کے غیر قانونی حصول اور ترسیل سمیت دہشت گردوں کی فنانسنگ کرنے والے سماج دشمن عناصرکی بیخ کنی کرنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے پنجاب پولیس ، ایف آئی اے اور دیگر قومی اداروں کے ساتھ مل کر کاروائیاں جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزیدکہاکہ فیٹف کی جانب سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے جن اہداف کی نشاندہی کی گئی ہے ،پنجاب پولیس حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق انہیں پورا کرکے عالمی سطح پر پاکستان کو بہتر سے بہتر پوزیشن پر لانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ دہشت گردی سمیت دیگر سنگین جرائم کی تکمیل کیلئے سرمایہ غیر قانونی ذرائع سے حاصل کیا جاتا ہے اگر اس سرمایہ کی ترسیل روک دی جائے تو یہ دہشت گروں کی ریڑھ کی ہڈی توڑنے کے مترادف ہے اس لئے سرمایہ کے غیر قانونی حصول اور منتقلی میں ملوث ملزمان کے خلاف ہر سطح پر کاروائیاں کی جا رہی ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے چھپائے گئے اثاثوں کا پتہ لگانے کیلئے پنجاب پولیس اور ایف آئی اے جدید ٹیکنالوجی سمیت تمام ذرائع سے استفادہ کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ منی لانڈرنگ اور نا جائز ذرائع سے دولت اکٹھی کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لئے اداروں میں کلوز کوآرڈی نیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ بدنام زمانہ قبضہ گروپوں، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بھی کاروائیاں کی جائیں گی جبکہ اغواء برائے تاوان سمیت پیسوں کے حصول کیلئے ہونے والے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بھی کاروائی ہو گی ۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں منی لانڈرنگ سے متعلقہ جرائم کے سدباب کیلئے پنجاب پولیس اور ایف آئی اے کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں فیٹف کی جانب سے منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے دئیے گئے ٹارگٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی، ایف آئی اے ، ابو بکر خدا بخش نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مقدمات کی پیرا لل فنانشل انویسٹی گیشن کے حوالے سے پنجاب پولیس اور ایف آئی اے قریبی رابطہ رکھیں گے اور پنجاب پولیس اور ایف آئی اے کے مابین انفارمیشن شئیرنگ کے بعددونوں فورسز کی مشترکہ کاروائیاں منی لانڈرنگ میں ملوث مجرمان کے قلع قمع میں تیزی کا باعث بنیں گی ۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈی آئی جی کرائمزپنجاب ، شارک کمال صدیقی اور اے آئی جی مانیٹرنگ احسان اللہ چوہان کو منی لانڈرنگ کیسز میں ایف آئی اے کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن رکھیں گے کیونکہ اداروں کے درمیان جتنی بہتر اور مضبوط کوآرڈی نیشن قائم ہو گی ، مجرمان کی سرگرمیوں کی پیش بندی کا عمل اتنا ہی بہتر ہوسکے گا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے ابو بکر خدا بخش، ڈائریکٹر ایف آئی اے 1-ڈاکٹر محمد رضوان،ڈائریکٹر ایف آئی ایII-اطہر وحید، ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر سید شاہد حسن، ڈپٹی ڈائریکٹروقاص سعید جبکہ پنجاب پولیس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن فیاض احمد دیو، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد خان، ڈی آئی جی، آئی ٹی وقاص نذیر، ڈی آئی جی کرائمز/انویسٹی گیشن شارک کمال صدیقی اوراے آئی جی مانیٹرنگ احسان اللہ چوہان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔