ممبران اسمبلی وسینیٹ کو ویکسین لگوانے کا پابند کیاجائے،پاکستان سٹیزن رائٹس کونسل

منگل 27 جولائی 2021 20:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) اہلسنّت رابطہ کونسل (پاکستان) و پاکستان سٹیزن رائٹس کونسل بلوچستان،خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے ذمہ داران کا ویڈیو لنک کے ذریعے خادم طریقت صوفی سید مسرور ہاشمی خانی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستانی عوام کو درپیش مسائل پرتفصیلی تبادلہء خیال کیاگیا۔

اہلسنّت رابطہ کونسل (پاکستان) کے سربراہ و پاکستان سٹیزن رائٹس کونسل کے چیئرمین خادم طریقت صوفی سید مسرور ہاشمی خانی نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ کرونا وائرس سے متاثرپاکستانی عوام کے بجلی،گیس اور دیگر یوٹیلٹی کے بل معاف کئے جائیں اور مخصوص لوگوں کو سود پر قرضہ دینے کے بجائے جو پاکستانی شہری کرائے کے مکانوں میں رہتے ہیں، ان تمام کا ایک سال کا کرایہ حکومت پاکستان ادا کرے۔

(جاری ہے)

صوفی سید مسرور ہاشمی خانی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سربراہ این سی او سی اسد عمر سے مطالبہ کیا کہ تمام قومی، صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے ممبران و گورنمنٹ کے اداروں کے سربراہوں اور افسران کو ویکسین لگوانے کا پابند کیا جائے، جب تک یہ افسران و اسمبلی کے ممبران ویکسین نہ لگوائیں تو ان کی رکنیت معطل کی جائے اور تمام وزراء، مشیروں اور افسران کو کام کرنے سے بھی روکا جائے اور تمام ممبران کا ویکسینیٹیڈ سرٹیفیکیٹ الیکشن کمیشن اور ڈپارٹمنٹ کی ویب سائیٹ پر شئیر کئے جائیں تاکہ پاکستانی عوام مطمئن رہیں کہ ویکسینیشن کی پابندی صرف عوام الناس پر نہیں خواص پر بھی ہے۔