ٹیکس مشینری کے خوف ، ٹیکس ریٹس زیادہ ہونے کیوجہ سے 20لاکھ سے زائد افراد پرچی پرکاروبار کرتے ہیں‘ ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایش

منگل 27 جولائی 2021 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت یوٹیلیٹی بلز اور پٹرولیم کی قیمتوںمیں بار بار اضافے کر کے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے جس سے مہنگائی بڑھنے کے علاوہ کوئی نتائج حاصل نہیں ہورہے ،آٹو میشن سسٹم کے ذریعے خوف و ہراس کی فضاء کا خاتمہ اور ٹیکس آمدن میں اضافہ ممکن ہے ۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبد الغفار اور جنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے دفتر میں ٹیکس کنسلٹنس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں45لاکھ سے زائد این ٹی این ہولڈر زاور 33لاکھ سے زائد کمر شل میٹرز ہیں ،60لاکھ سے زائد بینک اکائونٹس ہیں لیکن ٹیکس آمدن کی شرح انتہائی کم ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ ٹیکس مشینری کے خوف اور ٹیکس ریٹس زیادہ ہونے کی وجہ سے ایک محتاط انداز ے کے مطابق روزانہ 20لاکھ سے زائد افراد لاکھوں اورکروڑوں کا کاروبار پرچی پر کرتے ہیں تاکہ ٹیکس نہ دینا پڑ جائے ،سیلز ٹیکس کاسارا بوجھ عام آدمی اٹھا رہا ہے ،سیلز ٹیکس سنگل ڈیجٹ ہونا چاہیے تاکہ سیلز ٹیکس چوری نہ ہو اور حکومتی خزانے میں سارا ٹیکس جائے ۔