Live Updates

مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی ویڈیو شیئر کردی

یہ پولنگ عملے کی ویڈیو ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے حق میں بیلٹ پر ٹھپے لگارہا ہے،یہی کام دیگر پولنگ اسٹیشنز پر بھی ہوا، لیگی رہنما مریم نواز

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 27 جولائی 2021 19:20

مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی ویڈیو شیئر کردی
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 27جولائی 2021) یہ پولنگ عملے کی ویڈیو ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے حق میں بیلٹ پر ٹھپے لگارہا ہے،یہی کام دیگر پولنگ اسٹیشنز پر بھی ہوا، مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی ویڈیو شیئر کردی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے آزاد کشمیر کے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردیی۔

مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فارورڈ کہوٹہ کے علاقے شیخ سولی پرائمری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں مبینہ طور پر دھاندلی کی ویڈیو شیئر کی۔ انہوں نے ساتھ میں لکھا کہ یہ پولنگ عملے کی ویڈیو ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے حق میں بیلٹ پر ٹھپے لگارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی کام برابر میں لڑکیوں کے اسکول میں بنے پولنگ اسٹیشن پر بھی ہوا۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے بتایا کہ یہ ویڈیو فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے ایک اہلکار نے بنائی جو پولنگ عملے کو دھاندلی سے روک رہا تھا۔
ویڈیو میں ایف سی اہلکار جب پولنگ عملے کو دھاندلی سے روکتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ غیر قانونی کام ہورہا ہے، یہ مناسب اور ٹھیک نہیں، اگر کسی نے ہم سے پوچھا کہ آپ کیا کررہے تھے تو ہم کیا جواب دیں گے۔

اس پر پولنگ عملہ اس سیکیورٹی اہلکار سے کہتا ہے کہ یہ آپ کا کام نہیں، یہ ہماری ذمہ داری ہے، آپ کا کام صرف سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔ جس پر سیکیورٹی اہلکار کہتا ہے کہ ہم اس پر اپنے سیئنر افسر سے بات کریں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے آزاد کشمیر کے الیکشن کے نتائج ماننے سے انکار کر دیا تھا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے نتائج تسلیم نہیں کیے ہیں اور نا کروں گی۔ میں نے تو2018 کے نتائج بھی تسلیم نہیں کیے نا اس جعلی حکومت کو مانا ہے۔ ورکر اور ووٹرز کو شاباش دی ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ اس بے شرم دھاندلی پر کیا لائحہ عمل ہو گا، جماعت جلد فیصلہ کرے گی انشاءاللّہ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات