صدرعارف علوی سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات

پاکستان برادر ملک کے ساتھ معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے، بین الاقوامی برادری کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوائے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو خود ارادیت دے،صدر مملکت سعودی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، ،دونوں برادر ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے،سعودی وزیر خارجہ

منگل 27 جولائی 2021 23:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) صدرمملکت عارف علوی سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی ۔جاری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تمام شعبوں میں تعلقات کی موجودہ سطح کو وسعت دینے کی ضرورت ہے، تجارت، معیشت کے شعبے میں مزید پیش رفت کیلئے دوطرفہ تعلقات کو ادارہ جاتی سطح پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر ملک کے ساتھ معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے، سعودی قیادت کا وژن 2030، سرسبز سعودی عرب اور سرسبز مشرق وسطی منصوبے لائقِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہاکہ کورونا کے دوران پاکستانی کمیونٹی کا خیال رکھنے پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں، عالمی وبا کے دوران حج کے کامیاب انتظامات پر سعودی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے ملاقات میں بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم مسلمانوں پر بھارتی ظلم و ستم پر روشنی ڈالی ۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ بین الاقوامی برادری کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوائے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو خود ارادیت دے۔انہوں نے کہاکہ سعودی وزیر خارجہ خادمین حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان تک میری نیک تمنائیں پہنچائیں،امید ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کے دورے سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو ں گے۔

اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین حقیقی طور پر برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب دو طرفہ تعاون کی موجودہ سطح کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ سعودی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، ،دونوں برادر ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔