سعودی شہریوں کے بنا اجازت متحدہ عرب امارات کے سفر پر پابندی عائد

ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کا سفر کرنے والوں کیلئے وارننگ جاری، 3 سالہ سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان

muhammad ali محمد علی منگل 27 جولائی 2021 21:30

سعودی شہریوں کے بنا اجازت متحدہ عرب امارات کے سفر پر پابندی عائد
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 جولائی2021ء) سعودی شہریوں کے بنا اجازت متحدہ عرب امارات کے سفر پر پابندی عائد، ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کا سفر کرنے والوں کیلئے وارننگ جاری۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے سفری پابندیوں کی خلاف ورزی میں ملوث شہریوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ خلیجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو وارننگ دی ہے کہ اگر کسی نے ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کا سفر کیا، تو اس شخص کیخلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔

ریڈ لسٹ میں شامل کسی بھی ملک کا سفر کرنے والے شہری پر 3 سالہ سفری پابندی عائد کر دی جائے گی۔ سزا پانے والا شخص 3 سال کیلئے بیرون ملک سفر کرنے کا اہل نہیں ہو گا۔ سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کو 3 ممالک کے سفر سے گریز کرنے کی تلقین بھی کی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی شہری کو متحدہ عرب امارات، ویتنام اور ایتھوپیا کا بنا اجازت سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

صرف اجازت نامہ حاصل کرنے کی صورت میں مذکورہ ممالک کا سفر کرنا جائز ہو گا۔ جبکہ متحدہ عرب امارات سے مسافروں کی سعودی عرب آمد پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔ حکام کے مطابق ان ممالک میں کرونا کی خطرناک قسم کے پھیلاو کی وجہ سے سخت سفری پابندیاں عائد کرنا پڑیں۔ یہاں واضح رہے کہ سعودی عرب نے کئی ماہ سے پاکستان سمیت کئی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہے۔

پاکستان سمیت جن جن ممالک پر پابندیاں عائد کی گئیں، ان ممالک سے کوئی بھی شخص براہ راست سعودی عرب کا سفر کرنے کا اہل نہیں ہے۔ سعودی حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے پاکستان چھٹی پر آئے ہزاروں محنت کش پاکستانی اپنی نوکریوں سے محروم ہو جانے کے خدشے سے دوچار ہیں۔ اس حوالے سے پاکستانی حکام کا موقف ہے کہ سعودی حکام سے مسلسل بات چیت کرنے کا عمل جاری ہے، امید ہے سعودی حکومت جلد پاکستانی محنت کشوں کو واپس سعودی عرب آنے کی اجازت دے دی گی۔