ملازمت سے روکنےکیلیے بھائیوں نے بہن کو زنجیروں میں جکڑ کر قید کردیا

اپنے ہی بھائیوں نے بہن کو نوکری چھوڑنے سے انکار پر زنجیروں سے باندھ کر قید کر دیا، پولیس نے 1 سال سے قید خاتوں کو بازیاب کروا کر ملزمان کو گرفتار کر لیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 27 جولائی 2021 22:27

ملازمت سے روکنےکیلیے بھائیوں نے بہن کو زنجیروں میں جکڑ کر قید کردیا
صوابی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 27جولائی 2021) صوابی میں نوجوان لڑکی کا ملازمت کرنا جرم بن گیا، اپنے ہی بھائیوں نے بہن کو نوکری چھوڑنے سے انکار پر زنجیروں سے باندھ کر قید کر دیا، پولیس نے 1 سال سے قید خاتوں کو بازیاب کروا لیا- تفصیلات کےمطابق صوابی میں ملازمت سے روکنےکے لیے بھائیو ں نے بہن کو زنجیروں میں جکڑ کر کمرے میں بند کردیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمدشعیب کے مطابق صوابی کےگاؤں درہ میں پولیس نےکارروائی کرکے ایک سال سے بند خاتون کو بازیاب اور تین ملزمان کو گرفتارکرلیا جب کہ ایک ملزم فرار ہوگیا۔

ڈی پی او کے مطابق سگے بھائیوں نے بہن کو نوکری سے روکنے اور شوہر کے خلاف کیس لڑنےکی وجہ سے قید کیا تھا، خاتون کی طلاق ہوچکی ہے اور اس نے بچوں کے اخراجات کے لیے فیملی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہےکہ خاتون کوگلے اور ٹانگوں میں زنجیر ڈال کر روشندان کے ساتھ باندھا گیا تھا۔ چند روز قبل راولپنڈی میں بھی ایسا ہی ہولناک واقعہ پیش آیا تھا، جب جائیداد کی لالچ میں بدبخت بیٹے نے اپنی ہی 70 سالہ ماں کو قید کر دیا تھا، پولیس نے 3سال سے قید خاتون کو بازیاب کرا لیا، خاتون نے اپنےبیٹے سے متعلق افسوسناک انکشافات بھی کیے تھے-سیشن جج راولپنڈی کے حکم پر تھانہ سول لائن پولیس نے تلسہ روڈ پر واقع ایک گھر میں چھاپہ مار کر بوڑھی خاتون کو بازیاب کریا تھا، خاتون کو بیٹے نے جائیداد کی لالچ میں گزشتہ 3 سال سے قید کررکھا تھا۔

ہیومین رائٹس کمیٹی کے ممبر عامر سلیم رانا ایڈووکیٹ نے خاتون کی بازیابی کے لئے سیشن جج کے سامنے پٹیشن دائر کی تھی، جس پر سیشن جج نے خاتون کو بازیاب کرانے کا حکم دیا تھا۔ خاتون نے عدالت کے سامنے اپنے بیٹے سے متعلق افسوسناک انکشافات کیے کہ اُن کے بڑے بیٹے نے گھر پر انہیں جبری بند کر رکھا تھا، اور قصور میں ایک جائیداد اپنے نام کرانا چاہتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ میرا بیٹا مجھے وقت پر کھانا بھی نہیں دیتا اور مجھ پر باقی بچوں سے ملنے پر پابندی لگا رکھی تھی اور میری صبح شام نگرانی ہوتی تھی، عدالت مجھے چھوٹے بیٹے کے ساتھ جانے کی اجازت دے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طارق جاوید نے شمیم اختر نامی بوڑھی خاتون کی خواہش پر اسے چھوٹے بیٹے حسن رجا کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔واضح رہے کہ ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ پہلے بھی پیش آیا چکا ہے۔ جب ساہیوال میں بھائیوں نے جائیداد کی لالچ میں اپنی بہن کو کئی سال تک قید میں رکھا، بعدازاں پولیس نے بہن کو بازیاب کروا لیا تھا۔