ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں چوکے چھکوں کی برسات دیکھنے کیلئے تیار ہو جائیں

کپتان بابر اعظم نے پاکستان کے سب سے جارح مزاج بلے باز کو برسوں بعد ٹیم میں شامل کرنے کا عندیہ دے دیا

muhammad ali محمد علی منگل 27 جولائی 2021 22:29

ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں چوکے چھکوں کی برسات دیکھنے کیلئے ..
برج ٹاؤن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جولائی2021ء) ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں چوکے چھکوں کی برسات دیکھنے کیلئے تیار ہو جائیں، کپتان بابر اعظم نے پاکستان کے سب سے جارح مزاج بلے باز کو برسوں بعد ٹیم میں شامل کرنے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح کیلئے کمر کس لی ہے۔

سیریز کے آغاز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان کو ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں موقع دینے کا عندیہ دیا ہے۔ اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ شرجیل خان برسوں بعد پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے میدان میں اتریں گے۔ ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاری کیلئے ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے دوران مختلف کامبی نیشن آزمانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین چار ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز کل بدھ28 جولائی کو کنسنگٹن اوول برج ٹاؤن سے ہوگا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین 5 مرتبہ دوطرفہ ٹی ٹونٹی بین الاقوامی سیریز کھیلی جا چکی ہیں، جہاں 4 سیریز میں پاکستان اور صرف ایک میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے مابین آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز 2019 میں کراچی میں کھیلی گئی تھی، جہاں میزبان ٹیم پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو وائیٹ واش سے دوچار کیا تھا۔

اس سے قبل 2017 میں ویسٹ انڈیز میں کھیلی گئی سیریز میں بھی پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس مرتبہ پاکستان کی کامیابی کا مارجن 1-3 رہا تھا۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے مابین کل 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں، جہاں 11 میں پاکستان اور 3 میں ویسٹ انڈیز نے فتح حاصل کی۔ اس دوران ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے 7 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں سے 5 پاکستان اور 2 ویسٹ انڈیز جیتے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹیم رینکنگ میں مہمان پاکستان261 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور میزبان ویسٹ انڈیز 235 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہیتاہم سیریزمیں وائیٹ واش کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 263 ہوجائے گی اور پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن تیسری ہوجائے گی۔ اس دوران ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی رینکنگ میں کوئی فرق نظر نہیں آئے گا۔

آئی سی سی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی عالمی انفرادی رینکنگ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم کا دوسرا اوربہترین محمد رضوان کا نمبر ساتواں ہے۔ اس فہرست کے مطابق ٹاپ 10 بلے بازوں میں ویسٹ انڈیز کے صرف ایون لوئس ہی شامل ہیں۔ جن کا فی الحال رینکنگ ٹیبل پر نمبر آٹھواں ہے۔ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بابراعظم کی ویسٹ انڈیز کے خلاف کارکردگی بھی متاثر کن رہی ہے۔وہ اب تک ویسٹ انڈیز کے خلاف 10 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 57.57 کے اوسط سے 403 رنز بناچکے ہیں۔باؤلرز کی پلیئرز رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے فابین الین کا دسواں جبکہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کا 13 واں نمبر ہے۔