راولپنڈی میں خاتون سمیت ان کے بچے کا مبینہ قاتل گرفتار

شیر خوار بچے اور اس کی والدہ کو مبینہ طور پر قتل کرنے والے نوجوان کو پولیس نے ڈھونڈ نکالا

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 28 جولائی 2021 08:41

راولپنڈی میں خاتون سمیت ان کے بچے کا مبینہ قاتل گرفتار
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جولائی 2021ء ) اندوہناک قتل کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقتولہ نسیم بی بی کھلی فضا میں جھاڑیوں کے ساتھ بیٹھی ہوئی ہیں اور ان کی گردن پر گہرے زخم نمایاں ہیں اور ان کے بچے کی لاش ان کے برابر میں پڑی ہوئی ہے۔سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو گردش کرتی رہی اور ٹوئٹر پر جسٹس فار نسیم بی بی کا ٹرینڈ بھی چلتا رہا۔

راولپنڈی پولیس نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ‘راولپنڈی پولیس نے خاتون اور ان کے بچے کے قتل کے مقدمہ میں مطلوب سفاک ملزم واجدعلی کوحراست میں لے لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ‘سی پی او محمد احسن یونس کی نگرانی میں پولیس ٹیمیں 72گھنٹوں سے ملزم کی گرفتاری کے لیے دن رات کام کررہی تھیں، اندوہناک واقعے کے ذمہ دار ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی۔

(جاری ہے)

مقتولہ کی بہن کی مدعیت میں واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 324 اور 376 کے تحت درج کی گئی۔شمیم بی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اور ان کی بہن ان کے ڈیڑھ سالہ بچے کے ساتھ روات میں اپنے چچا کے گھر میں رہتی تھیں، وہ انتہائی غریب ہیں اور گلیوں میں بھیک مانگ کر گزارا کرتے ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق 24 جولائی کو دونوں بہنیں اور بچہ جب چک بیلی بازار پہنچیں تو ملزم نے ان سے دوپہر کے وقت رابطہ کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے انہیں اور ان کے بیٹے کو موٹر سائیکل میں بیٹھنے کو کہا اور مہوٹہ موہرا کی طرف چلا گیا جبکہ شمیم بی بی کو انتظار کرنے کو کہا۔شمیم نے 2 گھنٹوں کے بعد دیکھا کہ ملزم اپنے موٹر سائیکل میں نسیم اور ان کے بیٹے کے بغیر جارہے تھے، جس کے بعد انہوں نے جنگل میں نسیم بی بی کی تلاش شروع کی اور وہ انہیں مل گئیں۔ایف آئی آر کے مطابق نسیم بی بی نے اپنی بہن اور چچا کو بتایا کہ ملزم نے انہیں اور بچے کو جائے وقوع پر پہنچا کر ریپ کا نشانہ بنایا اور پھر اپنے جیب سے چاقو نکال کر ان پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کی گردن میں گہرے زخم آئے۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ ملزم نے پھر ان کے بچے پر حملہ کیا اور ان کی گردن کو نشانہ بنایا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا، نسیم نے زخمی حالت میں شور کیا تو ملزم موٹرسائیکل پر موقعے سے فرار ہوگیا۔بیان کے مطابق مقتولہ نسیم بی بی کا بچہ ہسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ نسیم بی بی حملے کے ایک روز بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال راولپنڈی میں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکیں۔