سعودی عرب میں کورونا سے ایک ہی روز میں 10 افراد چل بسے

اس وقت مملکت میں فعال کیسز کی گنتی 11,136ہے جن میں سے 1,419 کی حالت تشویش ناک ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 28 جولائی 2021 10:41

سعودی عرب میں کورونا سے ایک ہی روز میں 10 افراد چل بسے
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی2021ء ) سعودی عرب میں حکام کی جانب سے بہترین اقدامات کے باوجود کورونا کیسز یومیہ ایک ہزار سے زائد رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ایک موقع تھا جب یہ کیسز 2سو سے 3 سو یومیہ رپورٹ ہونے لگے تھے۔تاہم لوگوں کی بے احتیاطی کی وجہ سے یہ کیسز بڑھنا شروع ہو گئے اور اب روزانہ بارہ سو سے تیرہ سو کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے اس موذی وبا پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سعودی عرب میں گزشتہ روز کورونا کی وجہ سے 10 افرادکی جانیں چلی گئیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 82 سو سے زائد ہو چکی ہیں۔گزشتہ روز مزید 1,379 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ ان نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مملکت میں کورونا کیسز کی مجموعی گنتی 5 لاکھ 20 ہزار 774 ہو گئی ہیے۔وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں1,021 کورونا مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

مملکت میں اب تک کی صحت یابیاں 5 لاکھ1ہزار 449 ریکارڈ ہوئی ہیں۔اس وقت مملکت میں فعال کیسز کی گنتی 11,136 ہے جن میں سے 1,419 کی حالت تشویش ناک ہے۔سب سے زیادہ کیسز ریاض میں 273 رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے بعد مکہ مکرمہ میں 242 اور مشرقی ریجن میں 224 کیسز سامنے آئے ہیں۔مملکت میں اب تک 6 سو کے لگ بھگ ویکسی نیشن سنٹرز کے ذریعے ویکسین کی دوکروڑ50 لاکھ سے زیادہ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

وزارت صحت نے تاکید کی ہے کہ جن مقامی اور تارکین افراد نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی، وہ پہلی فرصت میں رجسٹریشن کروا کر ویکسین لگوائیں اور خود کو محفوظ بنا لیں۔ مملکت میں ویکسین لگانے کا عمل دسمبر 2021ء کے دوسرے ہفتے میں شروع کیا گیا تھا۔ اس وقت مملکت میں کئی ویکسینز لگائی جا رہی ہیں۔ مملکت میں مقیم تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کو مفت ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق12 سال سے 18 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔