Live Updates

شہباز شریف بغیر سوچے سمجھے کوئی بات نہیں کرتے

شہباز شریف دھاندلی پر خود کچھ نہیں بولے لیکن کسی کو منع بھی نہیں کیا۔لیگی رہنما محمد زبیر کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 28 جولائی 2021 11:16

شہباز شریف بغیر سوچے سمجھے کوئی بات نہیں کرتے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - ۔ 28 جولائی2021ء) سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں اتنی بڑی دھاندلی کے بعد شہباز شریف لاہور میں بیٹھ کر یہ نہیں کہہ سکتے کہ پارٹی ردِعمل نہ دے۔شہباز شریف بغیر سوچے سمجھے کوئی بات نہیں کرتے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف دھاندلی پر خود کچھ نہیں بولے لیکن کسی کو منع بھی نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دھاندلی سے متعلق کچھ تفصیلات شہباز شریف کو بتائی ہیں۔ایک دو روز میں مزید آگاہ کر دیا جائے گا۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج کو مسترد کرکے قومی بین الاقوامی سطح پر تحریک چلانے کا اعلان کردیا،ن لیگ کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈمی وزیراعظم لاکر صوبہ بنانے کوکشمیری عوام قبول نہیں کریں گے،پی ٹی آئی کو پیسے اور فراڈ کا ووٹ ملاجوکشمیرکی سیاسی روایات پر حملہ ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی اور راجا فاروق حیدر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دھاندلی کا معاملہ الیکشن کے دن نہیں الیکشن سے پہلے شروع ہوگیا تھا، آزاد کشمیر الیکشن میں امیدوارو ں کو بلاکر کہا گیا کہ وفاداری بدل لو، دباؤ اور لالچ کے باوجود ہمارے امیدوار کھڑے رہے، مسلم لیگ ن نے الیکشن میں دوسری جماعتوں سے بڑے جلسے کیے، انتخابی نتائج ہماری انتخابی مہم کی عکاسی نہیں کرتے،جو دھاندلی کے معاملات 2018کے الیکشن میں ہوئے وہی آج 2021ء میں ہوئے ہیں، آزاد کشمیر کی سیاسی ماحول اور روایات پر حملہ کیا گیا، جس کا ہمیں خدشہ تھا وہی بات ہوئی، ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ میں ثالثی کروں گا، جو وزیراعظم نے ورلڈکپ جیتنے کے مترادف کہا تھا،امریکا اور بھارت سے جو بات کی گئی وہ مسئلہ کشمیر کے حل سے انحراف ہے، وہی بات آج نظر آئی ہے، آج آزاد کشمیر میں ڈمی وزیراعظم لاکر صوبہ بنانے کی جو باتیں کی جارہی ہیں، جونیا راستہ کھولنے کی بات ہے وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی ہے، کشمیر کاز کو کھونے کے مترادف ہے، یہ کشمیری عوام کو قبول نہیں ہے،کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والا کشمیری اس کو تسلیم نہیں کرے گا،اقتدار میں ایسے لوگوں کو لایا جارہا ہے جو پیسے کے بل بوتے پر آنا چاہتے ہیں، غیرنمائندہ حکومت کس طرح کشمیر کاز کو آگے بڑھائے گی؟ حقیقت میں 25 جولائی کو آزاد کشمیر میں جمہوریت ہاری ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات