سپریم کورٹ نے نیول آفیسر کے گن مین کو 10 گولیاں مار کر قتل کرنے سے متعلق مجرم محمد یاسر اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کردیئے

بدھ 28 جولائی 2021 12:56

سپریم کورٹ نے نیول آفیسر کے گن مین کو 10 گولیاں مار کر قتل کرنے سے متعلق ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) سپریم کورٹ نے نیول آفیسر کے گن مین کو 10 گولیاں مار کر قتل کرنے سے متعلق مجرم محمد یاسر اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کردیئے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو نیول آفیسر کے گن مین کو 10 گولیاں مار کر قتل کرنے سے متعلق مجرم محمد یاسر عرف الیاس کالا کو سزائے موت دلوانے کیلئے درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواست پراسیکیویشن ڈیپارنمنٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے مجرم کو سزائے موت سنائی۔ سندھ ہائیکورٹ نے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔ مجرم سنگین نوعیت کے جرم کا مرتکب ہوا۔ مجرم کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ مجرم کو سزا، عمر قید سے سزائے موت میں تبدیل کی جائے۔ عدالت نے مجرم محمد یاسر اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جیل ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔ مجرم محمد یاسر نے 2014 میں فیاض علی کو قتل کیا تھا۔۔