کشتواڑ میں بادل پھٹنے سے 7افراد جاںبحق ، متعددلاپتہ

بدھ 28 جولائی 2021 14:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے ضلع کشتواڑ میں بادل پھٹنے سی7 افراد جاں بحق اور 19لاپتہ ہو گئے ہیں ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کشتواڑ کے علاقے ہونزڑ دچھن میںاچانک بادل پھٹنے اور شدید سیلاب کے باعث چھ مکان اور ایک راشن ڈپو کو نقصان پہنچا ہے ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین نے میڈیا کو بتایاہے کہ پولیس، فوج اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں اور مقامی افراد لوگوںکو بچانے او رمحفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں ۔

انہوںنے بتایا کہ 7 افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ 19کے قریب افراد لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ جاںبحق ہو گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے ۔ حکام کے مطابق علاقے میں مواصلاتی نظام کی عدم دستیابی کے باعث مکمل تفصیلات نہیں مل رہی ہیں۔علاقے میں امداد ی کارروائیاں جاری ہیں تاہم موسم کی خرابی کے باعث ان میں خلل پڑ رہا ہے ۔ ادھر ضلع کارگل میں بھی بادل پھٹنے سے ایک پن بجلی گھر اور متعد د مکانوںکا نقصان پہنچا ہے ۔