آزاد کشمیر میں کرونا کی چوتھی لہر سے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ

شہری کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں ورنہ پھر سے لاک ڈاؤن لگا دیا جائے گا ‘ڈپٹی کمشنر کوٹلی

بدھ 28 جولائی 2021 14:51

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) ڈپٹی کمشنر امجد علی مغل کی زیرصدارت کرونا کی چوتھی لہر سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔بدھ کو ہونے والے اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجہ فاروق اکرم،اسسٹنٹ کمشنر راجہ طارق محمود،ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر نصراللہ،اے ایس پی عباس علی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں کرونا کی چوتھی لہر سے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے جس کے باعث ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بھی مریضوں کی بڑی تعداد داخل ہے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں ورنہ پھر سے لاک ڈاؤن لگا دیا جائے گا جبکہ ڈی ایچ کیو آنے والے مریضوں میں وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے کرونا کی حفاظتی ویکسین نہیں لگوائی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کرونا کی یہ قسم انڈین ڈیلٹا ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔ انڈین کرونا وائرس ہوا کے ذریعہ پھیلتا ہے اور یہ بہت تیزی سے پھیل رہا ہے،شہری احتیاط کریں اوراس مصیبت سے بچنے کے لئے کرونا ایس او پیز پر عمل کریں اور فوری کرونا ویکسین لگوائیں۔