ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر سینئر زکی بجائے پانچویں نمبر کے جج صاحب کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کیخلاف یوم سیاہ منایا گیا سپریم کورٹ اپنے فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے الجہاد ٹرسٹ اور ملک اسد علی کیسز کے فیصلوں کے پیش نظر رکھے ‘ جنرل کونسل اجلاس

بدھ 28 جولائی 2021 15:18

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر سینئر زکی بجائے پانچویں نمبر کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور چار سینئر ترین ججزصاحبان کو نظر انداز کر کے پانچویں نمبر کے جج صاحب کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کیخلاف یوم سیاہ منایا گیا جبکہ وکلاء رہنمائوںنے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو اپنے فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے الجہاد ٹرسٹ اور ملک اسد علی کیسز کے فیصلوں کے مطابق سنیارٹی کے اصول پر عملدرآمد کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کیا جائے،وکلاء سنیارٹی کے اصول کو نظر انداز کرنے پر بھر پور احتجاج کرتے رہیں گے ۔

لاہور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کا اجلاس صدر محمد مقصود بٹر کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں وکلاء تنظیموں کے موجودہ اور سابقہ عہدیداروں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وکلاء رہنمائوں نے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو نظر انداز کر کے پانچویں نمبر کے جونیئر جج کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی تجویز الجہاد ٹرسٹ اور ملک اسد علی کیسز کے فیصلہ کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور آئین و قانون سے متصادم ہے۔

سپریم کورٹ میں ججز کی سینارٹی کے مطابق تعیناتی آئین و قانون کی بالادستی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ کے خلاف دیگر ممالک بالخصوص سوشل میڈیا نے اودھم مچا رکھا ہے۔ اگر سپریم کورٹ اپنے ہی کئے گئے فیصلوں کو نہیں مانتی تو کوئی دوسرا کیوں قبول کرے گا۔ سپریم کورٹ کو اپنے فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے الجہاد ٹرسٹ اور ملک اسد علی کیسز کے فیصلوں کے مطابق سنیارٹی کے اصول پر عمل درآمد کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کیا جائے۔

وکلاء برادری سنیارٹی کے اصول کو نظر انداز کرنے پر بھر پور احتجاج کرتی رہے گی۔لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر محمد مقصود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے آواز بلند کی ہے۔ سپریم کورٹ نے خود الجہاد ٹرسٹ اور ملک اسد علی کیسز میں سنیارٹی کے اصول پر فیصلہ دیا ہوا ہے،اگر مذکورہ فیصلوں میں کوئی سقم ہے تو ججز تعیناتی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پیرا میٹرز طے کئے جائیں۔

انہوں نے کہا سپریم کورٹ میں اپنی پسند کے جونیئر جج کو لانے کیلئے سینارٹی کے اصول کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، ہم سپریم جوڈیشل کمیشن کے گوش گزار کرنا چاہتے ہیں کہ جونیئر جج کی تعیناتی سے گریز کیا جائے اور سپریم کورٹ اپنے ہی فیصلوں کو نظر انداز نہ کرے۔ سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن خواجہ محسن عباس نے سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی قرارداد ہائوس کے سامنے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی قرارداد کی من و عن توثیق کرتے ہوئے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔