محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں 15 دن کے لاک ڈاوَن کی سفارش کردی

کراچی میں کورونا کیسز کی شرح30 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، جمعے کو سندھ میں لاک ڈاوَن کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ذرائع صوبائی ٹاسک فورس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 28 جولائی 2021 16:24

محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں 15 دن کے لاک ڈاوَن کی سفارش کردی
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی2021ء) محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں 15 دن کے لاک ڈاوَن کی سفارش کردی ہے،کراچی میں کورونا کیسز کی شرح30 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، جمعے کو سندھ میں لاک ڈاوَن کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ذرائع صوبائی ٹاسک فورس کے مطابق کراچی میں کورونا کیسز کی شرح30 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، جس پر طبی ماہرین اور محکمہ صحت نے حکومت سندھ کو 15 دن کے لاک ڈاوَن کی سفارش کردی ہے، حکومت سندھ نے مکمل لاک ڈاوَن لگانے کیلئے این سی اوسی سے رابطہ کرلیا ہے۔

جمعہ کو کورونا صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ کریں گے، اجلاس میں صوبے میں لاک ڈاوَن کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ یاد رہے ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 44 افراد چل بسے، 4119 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر تقریباً 8 فی صد ہو گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق مزید 7 ہزار 20 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 8 فیصد ہو گئی۔ پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 23 ہزار 133 مریض انتقال کر چکے ہیں اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 15 ہزار 827 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 56 ہزار 952 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 898 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، 9 لاکھ 35 ہزار 742 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 52 ہزار 291 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کل 1 کروڑ 58 لاکھ 18 ہزار 764 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 لاکھ 83 ہزار 616 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 2 کروڑ 62 لاکھ 48 ہزار 235 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔