مریم نواز کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں

نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 28 جولائی 2021 16:56

مریم نواز کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں
لاہور (ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف  کی صاحبزادی مریم نواز بھی کورونا وبا کی چوتھی لہر کی لپیٹ میں آ گئی ہیں،ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔مریم نواز نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

مریم نواز کچھ دنوں سے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے بہت مصروف رہیں اور ریلیوں میں بھی شریک رہیں۔واضح رہے کہ ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 44 افراد چل بسے ،4119 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر تقریباً 8 فی صد ہو گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 119 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 44 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 7 ہزار 20 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 8 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 23 ہزار 133 مریض انتقال کر چکے ہیں اس موذی وائرس کے کٴْل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 15 ہزار 827 ہو چکی ہے۔ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 56 ہزار 952 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 898 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 9 لاکھ 35 ہزار 742 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 52 ہزار 291 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کٴْل 1 کروڑ 58 لاکھ 18 ہزار 764 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 لاکھ 83 ہزار 616 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کٴْل 2 کروڑ 62 لاکھ 48 ہزار 235 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 3 لاکھ 71 ہزار 762 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کٴْل اموات 5 ہزار 860 ہو گئیں۔