مجھے بخار، کھانسی اور فلو کی علامات ظاہر ہوئی ہیں، مریم نواز

گھر میں باقاعدہ علاج کروا رہی ہوں، کورونا سے جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کے پیغامات بھیجنے والوں کی مشکور ہوں۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 28 جولائی 2021 17:33

مجھے بخار، کھانسی اور فلو کی علامات ظاہر ہوئی ہیں، مریم نواز
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کورونا سے صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کے پیغامات بھیجنے والوں کو شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بخار، کھانسی اور فلو کی علامات ظاہر ہوئیں، گھر میں میرا باقاعدہ علاج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا سے جلد صحتیابی کیلئے دعائیں اور نیک خواہشات کے پیغامات بھیجنے والوں کی مشکور ہوں۔

انہوں نے کورونا مثبت آنے سے متعلق بتایا کہ مجھے بخار، کھانسی اور فلو کی علامات ظاہر ہوئیں۔ لیکن گھر میں ہی باقاعدہ علاج کروا رہی ہوں۔ یاد رہے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی کورونا وبا کی چوتھی لہر کی لپیٹ میں آ گئی ہیں،ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

(جاری ہے)

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مریم نواز نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ 

یاد رہے مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن میں بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائی، انہوں نے آزاد کشمیر الیکشن کے دوران انتخابی جلسوں اور ریلیوں میں بھی شرکت کی، آزاد کشمیر قیادت سے بھی اس دوران ملاقاتیں کرتی رہیں، مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، احسن اقبال ودیگر ان کے ہمراہ رہے، تاہم ابھی تک یہ بات واضح نہیں کہ مریم نواز نے کورونا ویکسین لگوائی ہے یا نہیں، ن لیگ کے صدر شہبازشریف سمیت زیادہ تر ن لیگی لیڈرشپ کورونا ویکسین لگوا چکی ہیں۔

دوسری جانب ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 44 افراد چل بسے، 4119 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر تقریباً 8 فی صد ہو گئی۔پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق مزید 7 ہزار 20 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 8 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 23 ہزار 133 مریض انتقال کر چکے ہیں اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 15 ہزار 827 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 56 ہزار 952 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 898 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، 9 لاکھ 35 ہزار 742 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 52 ہزار 291 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کل 1 کروڑ 58 لاکھ 18 ہزار 764 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 لاکھ 83 ہزار 616 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 2 کروڑ 62 لاکھ 48 ہزار 235 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔