ہائی کورٹ نے محمد نواز شریف کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے نیب کی درخواست غیر موثر قراردے کر نمٹادی

بدھ 28 جولائی 2021 17:51

ہائی کورٹ نے محمد نواز شریف کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے نیب کی درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) اسلام آبادہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے نیب کی درخواست غیر موثر قراردے کر نمٹاتے ہوئے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں نیب اپیلوں پر دلائی طلب کرلیے۔ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نیایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے نیب کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی عدالت پیش ہوئے، عدالت نے نواز شریف کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر نیب کی درخواست کو غیر موثر قراردیتے ہوئے نمٹادیا اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر نیب کی طرف سے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا میں اضافہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب درخواستوں پر دلائل دیے جائیں ، عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ العزیزیہ ریفرنس اپیل پر سماعت21ستمبر جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں اپیل پر سماعت 28ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔