پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا روس کی بندرگاہ سینٹ پیٹرزبرگ کا دورہ، روسی بحریہ کی پریڈ ڈے میں شرکت

بندرگاہ سے روانگی پر پاک بحریہ کے جہاز نے رشین فیڈریشن نیوی کے جہاز اوڈینٹوسو کے ساتھ دوطرفہ بحری مشق عریبین مون سون میں بھی حصہ لیا

بدھ 28 جولائی 2021 17:58

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا روس کی بندرگاہ سینٹ پیٹرزبرگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) روس کی بندر گاہ سینٹ پیٹرزبرگ کے کامیاب دورے کے بعد پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس ذوالفقار آپریشنل تعیناتی پر روانہ، روسی بحریہ کی 325 ویں ڈے پریڈ میں شرکت کی۔سینٹ پیٹرزبرگ میں جہاز کے قیام کے دوران مشن کمانڈر اور جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے لیننگراڈ نیول بیس کے کمانڈر کیپٹن سالوشین آندریو اور ڈپٹی گورنر خارجہ تعلقات ایوگینی ڈی گریگوریف سے ملاقات کی۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معززین نے پاک بحریہ کیلئے خیر سگالی اور گرم جوشی کا اظہار کرتے ہوئے روس کی نیول ڈے پریڈ میں شرکت پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔ مشن کمانڈر نے روسی عوام بالخصوص روسی بحریہ کیلئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

(جاری ہے)

مشن کمانڈر نے بندر گاہ پر جہاز کے قیام کے دوران روسی بحریہ کی جانب سے فراہم کردہ تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

بعدازاں مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسر نے پسکیریوسکو میں یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ اس کے علاوہ رشین نیوی ڈے کی اہمیت کے لحاظ سے پی این ایس ذوالفقار پر ایک تقریب اور پریس بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر روسی حکومت کے عہدیداروں ، سفارتی شخصیات اور رشین فیڈریشن نیوی کے افسران کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔پی این ایس ذوالفقار کا روس کا دورہ اور 325 ویں نیوی ڈے کے موقع پر روسی بحریہ کی پریڈ میں شرکت پاک بحریہ اور رشین فیڈریشن نیوی کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون کی تجدید اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کا باعث ہے۔

بندرگاہ سے روانگی پر پاک بحریہ کے جہاز نے رشین فیڈریشن نیوی کے جہاز اوڈینٹوسو کے ساتھ دوطرفہ بحری مشق عریبین مون سون میں بھی حصہ لیا۔

متعلقہ عنوان :