ایف آئی اے نے نذیر چوہان کو جیل سے رہائی کے بعد حراست میں لے لیا

سائبر کرائم یونٹ نے وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر کی مدعیت میں درج مقدمے میں کارروائی کی

بدھ 28 جولائی 2021 18:02

ایف آئی اے نے نذیر چوہان کو جیل سے رہائی کے بعد حراست میں لے لیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) ایف آئی اے نے جہانگیر ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد حراست میں لے لیا،نذیر چوہان کے استقبال کے لئے آنے والے کارکنوںکو مایوس واپس لوٹنا پڑا۔بتایا گیا ہے کہ رکن اسمبلی نذیر چوہان کی تھانہ ریس کورس میں درج مقدمے میں ضمانت کی روبکار کوٹ لکھپت جیل لائی گئی اور انہیں رہا کیا گیا تاہم ایف آئی اے کی ٹیم نے انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا ، اس موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

نذیر چوہان کی رہائی پر استقبال کے لئے حلقے کے کارکنان بھی جیل کے باہر پہنچے اور نعرے بازی کی تاہم انہیں اپنے رہنما کے بغیر واپس لوٹنا پڑ گیا۔نذیر چوہان کے خلاف وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کی مدعیت میں 8 جولائی کو ایف آئی اے سائبر کرائم میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ، مقدمہ میں دو افراد جاوید بٹ اور وسیم راجہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں ان دونوں افراد کو سوشل میڈیا کا ساتھی بتایا گیا ہے ، ایف آئی آر متن کے مطابق نذیر چوہان نے سوشل میڈیا پر شہزاد اکبر کے خلاف نفرت انگیز تقریر کی اورمذہبی عقائد کو نشانہ بنایا۔