کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات پر کام تیزی سے جاری ہے، مراد علی مہمند

حکومت کھلاڑیوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے جس سے بہترین کھلاڑی میسر آئیں گے، پراجیکٹ ڈائریکٹر

بدھ 28 جولائی 2021 19:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) پراجیکٹ ڈائریکٹر کھیلو ں کی ایک ہزار سہولیات مراد علی مہمند نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ خیبرپختومحمود خان کی خصوصی ہدایت پر کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات پر کام تیزی سے جاری ہے جس میں سو سے زائد مکمل ہوچکے ہیں جبکہ بہت سے منصوبے تکمیل کے آخری مرحلے میں ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے جس سے بہترین کھلاڑی میسر آئیں گے جو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کریںگے ‘ایک ہزار سہولیات پراجیکٹ کے تحت پشاور سپورٹس کمپلیکس بیڈمنٹن ہال کے ساتھ حیات آباد میں بھی سینتھیٹک بیڈمنٹن ہال چھ ملین روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے اس کے ساتھ شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی کے بیڈمنٹن کورٹس پر کام جاری ہے جس کے لئے ایک کروڑ روپے مختص ہیں پراجیکٹ ڈائریکٹرمراد علی مہمند نے کہاکہ صوبہ بھر میں25 بیڈمنٹن کورٹس تعمیر کئے جارہے ہیں جس میں سے کئی نئے تعمیر کئے جارہے ہیں اور کئی میں تزئین و آرائش کا سلسلہ جاری ہے جس کے لئے پچیس کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ہر ضلع میں بیڈمنٹن کورٹس تعمیر کئے جارہے ہیں جس کا مقصد اس کھیل کا فروغ و ترقی ہے اور بیڈمنٹن کورٹس کے منصوبے مکمل ہوتے ہی تمام کھلاڑیوں کو ان کی دہلیز پر بیڈمنٹن کی بہترین سہولتیں میسر آجائیں گی‘ ڈائریکٹر پراجیکٹس مراد علی مہمند نے کہا کہ وہ صوبے میں جاری تمام سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور صوبائی حکومت کی طرف سے جاری فنڈز کے مطابق ابتدائی طور پر ڈھائی سو کھیلوں کی سہولیات کو مکمل کیا جارہا ہے جس سے صوبے میں کھیلوں کی سہولیات میں نئی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی ‘ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری سپورٹس عابد مجید اور ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک کی ہدایات پر تمام منصوبوں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور منصوبوں کا معیار بھی مختلف مراحل میں چیک کیا جارہا ہے اس سلسلے میں ٹھیکہ داروں کوبتا رکھاہے کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اس کے ساتھ انہیں تمام منصوبے بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں منصوبوں پر شبانہ روز کام جاری ہے‘ انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ موجودہ بجٹ میں پہلے مرحلے میں 250 منصوبوں کو مکمل کر نا ہے ‘خواتین کی کھیلوں کی سہولتوں کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ‘ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں جاری سکیموں پر اسی طرح تیزی سے کام جاری رہے گا اور صوبائی حکومت کی سپورٹس کی بہتری کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو عملی جامہ پہنایا جائیگا۔