شجر کاری کے ساتھ ساتھ مختلف اضلاع میں موجود 250 پارکس کو بھی فلاحی ادارے کے تعاون سے ہرا بھرا بنایا جا رہا ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی

بدھ 28 جولائی 2021 19:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ سڑکوں اور شاہراہوں پر شجر کاری کے ساتھ ساتھ مختلف اضلاع میں موجود 250 پارکس کو بھی فلاحی ادارے کے تعاون سے ہرا بھرا بنایا جا رہا ہے جس سے شہر کا ماحول بہتر ہوگا اور درختوں کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی،ضلعی سطح پر شجر کاری کے لئے ڈی ایم سیز کے فلاحی و سماجی اداروں کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرانے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی، دعوت اسلامی کی فیضان گلوبل ریلیف فائونڈیشن کے تحت شہر میں ہونے والی شجر کاری کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز یعقوب عطاری کی سربراہی میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے دعوت اسلامی کے ضلعی کوآرڈینیٹرز کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس میں محمد یحییٰ عطاری، بلال عطاری، اویس رضا عطاری، عبدالرحمن عطاری، فیضان گلوبل ریلیف فائونڈیشن کے ڈائریکٹر امین الطاف ، غلام محبوب علی اور محمد وسیم عطاری شامل تھے جبکہ سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان ، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، وفد کے ارکان نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو یکم اگست سے دعوت اسلامی کے تحت شہر میں شروع ہونے والی شجرکاری مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے دوران کراچی کے مختلف پارکس میں 3 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور اس کا آغاز باغ ابن قاسم میں منعقدہ تقریب سے ہوگا، انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کو شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی جسے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ دعوت اسلامی ایک منظم ادارہ ہے جس کے تحت شہر میں شجر کاری کے لئے بہت بڑا کام کیا جا رہا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی نہ صرف ایسے احسن کاموں کی حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ تمام ڈی ایم سیز کے ساتھ اس مہم کے سلسلے میں اشتراک اور تعاون کے لئے اپنی خدمات بھی فراہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ ہے وہاں قریب سے گزرنے والی نکاسی آب کی لائن استعمال کی جاسکتی ہے، شہر میں پانی کی کمی ہے امید ہے کہ یہ مسئلہ بہتر حکمت عملی کے ذریعے حل کرلیا جائے گا، دعوت اسلامی کی فیضان گلوبل ریلیف فائونڈیشن نے جس طرح شہر کی مختلف شاہراہوں پر شجر کاری کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے ہیں بالکل اسی طرز پر تمام ڈی ایم سیز کے ساتھ بھی ایم او یو ہونے چاہئیں تاکہ تمام معاملات پیشگی طے کرلئے جائیں اور ذمہ داریوں کا تعین ہوجائے، انہوں نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کی حدود میں واقع پارک میں بھی شجرکاری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کے ایم سی کے جن پارکس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت کام ہو رہے ہیں ان کی تفصیلات سے بھی ایف آر جی ایف کو آگاہ کیا جائے گا، دعوت اسلامی کے نمائندوں کی درخواست پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے متعلقہ محکمے کو دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی کے قریب اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کی ہدایت کی اور محرم الحرام کے دوران مذہبی اجتماعات کے مقامات اور مساجد کے اطراف بلدیاتی سہولیات فراہم کے احکامات جاری کئے، انہوں نے کہا کہ دعوت اسلامی کی طرف سے کی جانے والی شجر کاری کراچی میں کسی بھی ادارے کی طرف سے شہر میں بہتری لانے کی ایک بہت اہم کوشش ہے جسے ہر سطح پر سراہا جانا چاہئے، بلدیہ عظمیٰ کراچی ، ڈی ایم سیز اور تمام سرکاری ادارے اس مہم میں ان کے ساتھ ہیں اور ہم سب مل کر کراچی کو ماحول دوست اور سرسبز و شاداب شہر بنانے کا عزم رکھتے ہیں، ہمیں صرف پودے ہی نہیں لگانے بلکہ ان کی حفاظت اور آبیاری کا بھی مستقل انتظام کرنا ہے اور اس حوالے سے جو ادارے شہریوں کو آگاہی فراہم کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں، وفد کے اراکین نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دعوت اسلامی کے تحت پورے پاکستان میں 1500 سے زائد جگہوں پر شجرکاری کا عمل جاری ہے ، کراچی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے بعد ڈی ایم سیز میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کرنے جا رہے ہیں جس کے لئے بڑی تعداد میں پودے تیار کئے جاچکے ہیں، ہماری پہلی ترجیح کے ایم سی کے پارکس ہیں جس کے بعد ڈسٹرکٹس کے زیر انتظام پارکس اور دیگر مقامات پر شجر کاری کی جائے گی، اس ضمن میں کورنگی ، اورنگی ٹائون ، شاہ فیصل کالونی، لانڈھی، نارتھ ناظم آباد، ضلع جنوبی اور وسطی کے مختلف مقامات کا سروے مکمل کیا جاچکا ہے اور بہت جلد اس پر کام شروع کردیا جائے گا۔