سید ناصر حسین شاہ کا حب پمپنگ اسٹیشن اور حب واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ

پانی کی تقسیم کو منصفانہ بنا یا جائے جبکہ تمام غیر قانونی کنکشنز اور پنکچر بھی ختم کئے جائیں،وزیر بلدیات سندھ

بدھ 28 جولائی 2021 20:21

سید ناصر حسین شاہ کا حب پمپنگ اسٹیشن اور حب واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) صوبائی وزیر اطلاعا ت و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے حب پمپنگ اسٹیشن اور حب واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا۔اس مو قع پر ایم این اے ڈاکٹر شاہدہ رحما نی ،ایم این اے قادر خان مندو خیل، ایم پی اے لیاقت آسکانی ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان و دیگر بھی ان کے ہمراہ مو جو د تھے۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ہمیں وارننگ دی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ کراچی شہر کو پانی کی فراہمی یقینی بنانا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہو ں نے واٹر بورڈ انتظامیہ کو ہدایت دی کہ پانی کی چوری کو سختی سے روکا جائے او ر پانی کی تقسیم کو منصفانہ بنا یا جائے جبکہ تمام غیر قانونی کنکشنز اور پنکچر بھی ختم کئے جائیں۔

(جاری ہے)

سید نا صر حسین شا ہ نے کہا کہ ضلع غربی کو پانی پہنچانا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات نے ہدا یا ت جا ری کیں کہ 7لیگل ہائیڈرنٹس کے علاوہ باقی تمام ہائیڈرینٹس کے خلاف کارروائیاں کی جائیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی شہر کی جو پانی کی ضروریات ہیں اس کے مقابلے میں پانی کم ہے،ر چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کے خصوصی ہدایات پر پانی کے نئے پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔ اس مو قع پر صوبائی وزیر بلدیات نے ضلع ویسٹ کے منتخب نمائندوں اور واٹر بورڈ افسران پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی جا ری کر دی۔