صدرمملکت عارف علوی سے ریکٹر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئر نگ اینڈ اپلائیڈ سائنسزکی ملاقات، بریفنگ دی

طلبہ کو سستی، آسان تعلیم کی فراہمی کے لئے جامعات ہائبرڈ تعلیم کے حصے میں اضافہ کریں، ڈاکٹر عارف علوی جامعات سائبر وار فیئر کے مستقبل کے سیکورٹی خطرات سے نمٹنے کے لئے طلبا کو جدید آئی ٹی صلاحیتوں سے لیس کریں، گفتگو

بدھ 28 جولائی 2021 23:01

صدرمملکت عارف علوی سے ریکٹر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئر نگ اینڈ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) صدر مملکت ڈاکرٹ عارف علوی نے کہا ہے کہ طلبہ کو سستی، آسان تعلیم کی فراہمی کیلئے جامعات ہائبرڈ تعلیم کے حصے میں اضافہ کریں، اچھی شہرت کی عالمی جامعات کی مہارت ، تحقیق سے استفادہ کرنے کیلئے تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو صدر مملکت عارف علوی سے ریکٹر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئر نگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز نے ملاقات کی اور ادارے کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

صدر مملکت کو بتایا گیا کہ انسٹیٹیوٹ مختلف شعبوں میں تعلیمی اور تربیتی پروگرام منعقد کررہا ہے۔ صدر مملکت کو بتایا گیا کہ فزکس اور الیکٹریکل انجینئرنگ جیسے شعبوں میں 5000سے زائد طلبا فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔صدر مملکت نے انسٹیٹیوٹ کی کامیابیوں خصوصا ملک کی سائنسی ترقی میں اس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو سستی، آسان تعلیم کی فراہمی کے لئے جامعات ہائبرڈ تعلیم کے حصے میں اضافہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامعات سائبر وار فیئر کے مستقبل کے سیکورٹی خطرات سے نمٹنے کے لئے طلبا کو جدید آئی ٹی صلاحیتوں سے لیس کریں۔صدر مملکت نے کہا کہ جامعات تحقیق کا میدان وسیع ، جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے طلبا کی فکری ترقی پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ کی تعداد بڑھائے تاکہ وہ ملک کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اچھی شہرت کی عالمی جامعات کی مہارت ، تحقیق سے استفادہ کرنے کیلئے تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔