منشیات کا ناسور معاشرے میں تیزی سے پھیل رہا ہے ،جمال شاہ کاکڑ

ناسور ہماری نوجوان نسل کو تباہی کی جانب لیکر جارہا ہے ، صوبے میں منشیات کی نقل و حمل کو روکنے کے لئے مربوط اقدامات اٹھانے ہونگے ، سابق سپیکر

بدھ 28 جولائی 2021 23:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ منشیات کا ناسور معاشرے میں تیزی سے پھیل رہا ہے جو کہ ہماری نوجوان نسل کو تباہی کی جانب لیکر جارہا ہے ، صوبے میں منشیات کی نقل و حمل کو روکنے کے لئے مربوط اقدامات اٹھانے ہونگے منشیات فروشی کے ناسور پر قابو نہیں پایا گیا تو صوبے اور ملک کو سنگین مسائل سے دوچار ہونا پڑ سکتا ہے ، یہ بات انہوں نے بدھ کو انسداد منشیات مرکز کے کمانڈر فضل نورزئی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منشیات کا ناسور بہت تیزی سے صوبے میں پھیل رہا ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے اسے قابو کرنے کے لئے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ ناکافی ہیں انہوں نے کہا کہ آئس ، ہیروئن ، چرس سمیت دیگر نشے نوجوان نسل کو تباہ کر رہے ہیں ہمارا مستقبل منشیات کی وجہ سے دائو پر لگا ہوا ہے منشیات فروشی کے ناسور پر قابو پانے کے لئے نہ صرف حکومت اور انتظامیہ بلکہ سیاسی جماعتوں ، سول سوسائٹی سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ہمیں نشے سے نفر ت اور نشہ کرنے والوں کو معاشرے کا باعزت شہری بنانے کے لئے انہیں صحت افضاء مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے آج بلوچستان میں منشیات کے عادی افراد کے مقابلے میں بحالی کے مراکز انتہائی کم ہیں منشیات بحالی مراکز میں آنے والے افراد کے لئے سہولیات بھی ناپید ہیں اس سلسلے میں حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر منشیات بحالی مراکز قائم کرے اور جو لوگ اپنا علاج کروانا چاہتے ہیں انہیں بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں اور منشیات کے اڈوں کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈائون کرکے معاشرے کو منشیات سے پاک کیا جائے اگر ایسا نہیں کیا گیا تو قوم کی بقاء و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہونگے