Live Updates

مریم نواز کی جانب سے جاری کی گئی آزاد کشمیر الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی ویڈیو کی حقیقت کچھ اور ہی نکلی

تحریک انصاف کے حق میں ٹھپے لگانے کا الزام غلط ثابت، جس پولنگ اسٹیشن کی ویڈیو جاری کی گئی، وہاں پی ٹی آئی کی بجائے پیپلز پارٹی نے فتح حاصل کی

muhammad ali محمد علی بدھ 28 جولائی 2021 22:25

مریم نواز کی جانب سے جاری کی گئی آزاد کشمیر الیکشن میں مبینہ دھاندلی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 28جولائی 2021) مریم نواز کی جانب سے جاری کی گئی آزاد کشمیر الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی ویڈیو کی حقیقت کچھ اور ہی نکلی۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات میں شکست کے بعد گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔ مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فارورڈ کہوٹہ کے علاقے شیخ سولی پرائمری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں مبینہ طور پر دھاندلی کی ویڈیو شیئر کی۔

انہوں نے ساتھ میں لکھا کہ یہ پولنگ عملے کی ویڈیو ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے حق میں بیلٹ پر ٹھپے لگارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی کام برابر میں لڑکیوں کے اسکول میں بنے پولنگ اسٹیشن پر بھی ہوا۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے بتایا کہ یہ ویڈیو فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے ایک اہلکار نے بنائی جو پولنگ عملے کو دھاندلی سے روک رہا تھا۔


ویڈیو میں ایف سی اہلکار جب پولنگ عملے کو دھاندلی سے روکتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ غیر قانونی کام ہورہا ہے، یہ مناسب اور ٹھیک نہیں، اگر کسی نے ہم سے پوچھا کہ آپ کیا کررہے تھے تو ہم کیا جواب دیں گے۔

اس پر پولنگ عملہ اس سیکیورٹی اہلکار سے کہتا ہے کہ یہ آپ کا کام نہیں، یہ ہماری ذمہ داری ہے، آپ کا کام صرف سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔ جس پر سیکیورٹی اہلکار کہتا ہے کہ ہم اس پر اپنے سیئنر افسر سے بات کریں گے۔ اب ایک روز گزرنے کے بعد اس تمام معاملے کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مریم نواز نے جس پولنگ اسٹیشن کی ویڈیو شیئر کی، اس پولنگ اسٹیشن پر تو تحریک انصاف کامیابی ہی نہیں ہوئی۔ مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر تحریک انصاف نے نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات