پاکستان وسیع البنیاد اور جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کا خواہاں ہے،شاہ محمود قریشی

پاکستان اس اصولی موقف پر قائم ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں ،کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پر امن طریقے سے حل کیا جائے وزیر خارجہ کی بحرینی ہم منصب سے ملاقات ، دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال

بدھ 28 جولائی 2021 23:32

پاکستان وسیع البنیاد اور جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی ..
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان وسیع البنیاد اور جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کا خواہاں ہے،پاکستان اس اصولی موقف پر قائم ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پر امن طریقے سے حل کیا جائے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منامہ میں بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیانی کے ساتھ ملاقات کی ۔دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔بحرینی وزیر خارجہ نے بحرین آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہا ۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے بھرپور میزبانی پر بحرینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، بحرین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات، یکساں عقیدے، مذہبی، ثقافتی اور تاریخی ہم آہنگی کی بنیاد پر استوار ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بحرین کے وزیر خارجہ کو حکومت کی اقتصادی ترجیحات کے خدوخال سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے بحرینی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس اصولی موقف پر قائم ہے کہ ،مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پر امن طریقے سے حل کیا جائے ۔

وزیر خارجہ نے بحرینی ہم منصب کو افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان وسیع البنیاد اور جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہاکہ بحرین سمیت بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی، دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہود کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔

بحرینی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بحرین حکومت، پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی متمنی ہے۔بحرینی وزیر خارجہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی۔