Live Updates

پی پی 38 ، لیگی امیدوار کی شکست کی وجہ اُن کے بھائی کے بیان کو قرار دے دیا گیا

سیالکوٹ انتخابات میں لیگی امیدوار طارق سبحانی کے بھائی اور رکن اسمبلی ارمغان سبحانی نے ایک پروگرام میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور نریند مودی کی تصویر میں سے کسی کی تصویر مجھے گھر میں لگانی پڑی تو میں مودی کی تصویر لگاؤں گا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 28 جولائی 2021 23:28

پی پی 38 ، لیگی امیدوار کی شکست کی وجہ اُن کے بھائی کے بیان کو قرار دے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 28جولائی 2021) لیگی رکن اسمبلی ارمغان سبحانی نے کہا کہ عمران خان اور نریند مودی کی تصویر میں سے کسی کی تصویر مجھے گھر میں لگانی پڑی تو میں مودی کی تصویر لگاؤں گا، پی پی 38انتخابات میں لیگی امیدوار طارق سبحانی کی شکست کی وجہ اُن کے بھائی کے بیان کو قرار دے دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے،جس میں ن لیگ کے رکن اسمبلی ارمغان سبحانی کو دیکھا جا سکتا ہے۔

ارمغان سبحانی نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں شریک ہیں اور جب پروگرام کے میزبان نے اُن سے سوال کیا کہ اگر عمران خان یا نریندر مودی میں سے کسی ایک کی تصویر اُنہیں اپنے گھر میں لگانی پڑ جائے تو وہ کس کی تصویر اپنی گھر میں لگائیں گے۔

(جاری ہے)

اس سوال کے جواب میں ارمغان سبحانی نے کہا کہ عمران خان کی تصویر لگانے سے بہتر ہے کہ میں نریندر مودی کی تصویر اپنے گھر میں لگا لوں۔

لیگی رکن اسمبلی ارمغان سبحانی کے اس جواب کے بعد پروگرام میں شریک ایک شخص نے کہا کہ آپ کے اس عمل سے نوازشریف صاحب بھی خوش ہو جائیں گے، تو ارمغان سبحانی نے بے ساختہ جواب دیا ’جی ہاں۔‘ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو کو پی پی 38 انتخابات میں لیگی امیدوار طارق سبحانی کی شکست کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اس ویڈیو پر عوام کی وجہ سے مختلف طرح کا ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔ویڈیو پر کمنٹ کرنے والے اکثر صارفین سیالکوٹ انتخابات میں لیگی امیدوار طارق سبحانی کی شکست کی وجہ اُن کی بھائی کے اِسی بیان کو قرار دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پی پی 38 سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کو 30 سال بعد اس نشست پر شکست ہو گئی ہے۔ تحریک انصاف پنجاب کا اہم ترین حلقہ ن لیگ سے چھین کر صوبے کی سیاسی تاریخ کا بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ہونے والی پولنگ کے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ ختم ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق اب تک 165 میں سے تمام پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آچکے ہیں ، جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار 61 ہزار 07 ووٹ لے کر فتحیاب قرار پائے، جبکہ لیگی امیدوار طارق سبحانی 53 ہزار 471 ووٹ حاصل کر سکے، یوں حکمراں جماعت نے یہ ضمنی الیکشن جیت لیا، تاہم سرکاری اعلان ہونا باقی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کو سیالکوٹ کی اس نشست پر 30 سال بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران ن لیگ ہمیشہ اس نشست پر فتحیاب ہوتی رہی، تاہم اب حکمراں جماعت تحریک انصاف نے ن لیگ کی مضبوط ترین نشست چھین لی ہے۔ دوسری جانب ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے حوالے سے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی 38 میں بلے نے شیر کی ٹانگیں توڑ دیں، آرکریں گے پار کریں گے، شیر کے ٹکڑے 4 کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات