سعودی عرب میں غیر ملکی عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے خصوصی تیاریاں کر لی گئیں

کورونا ایس او پیز کے تحت مکہ میں عمرہ زائرین کے لیے اڑھائی لاکھ کمرے تیار ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 29 جولائی 2021 10:57

سعودی عرب میں غیر ملکی عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے خصوصی تیاریاں ..
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی2021ء ) سعودی عرب میں حج سیزن کا اختتام ہوتے ہی بیت اللہ شریف میں عمرہ کی زیارت شروع ہو گئی ہے۔ ابتدائی طور پر سعودیہ میں مقیم تارکین اور مقامی افراد کو عمرہ کے اجازت نامے جاری ہو گئے ہیں۔ اب اگلے مرحلے میں دیگر ممالک کے عازمین کے لیے بھی عمرہ کی اجازت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق یکم محرم الحرام سے سعودی عرب سے باہر مقیم افراد کو بھی عمرہ کے لیے سعودیہ آنے کی اجازت ہو گی۔

اس مقصد کے لیے سعودی حکومت نے معتمرین کے لیے مکہ مکرمہ میں ڈھائی لاکھ سے زائد کمرے مختص کر دیئے ہیں جہاں کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں اور ان کی وقتاً فوقتاً سینیٹائزیشن بھی کی جا رہی ہے۔ حج و عمرہ کمیشن کے رُکن ہانی العمیری کے مطابق عمرہ عازمین کی رہائش کی خاطر مکہ کے مختلف ہوٹلوں کے اندر 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد کمرے بک کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عمرہ زائرین کی صحت و سلامتی کو ممکن بنانے کے خصوصی ہیلتھ پروٹوکول نافذ کیا گیا ہے۔ عمرہ زائرین کو ہوٹلوں کے کمرے میں ٹھہرایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ہوٹلز میں زائرین کی رہنمائی کے لیے گائیڈز تعینات کیے جائیں گے۔ ایک کمرے میں دو سے زائد افراد کو قیام کی اجازت نہیں ہو گی۔ جبکہ ہوٹلز کے 10 فیصد کمرے کورونا کے مشتبہ مریضوں کو ٹھہرانے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودیہ نے غیر ملکی عمرہ زائرین کو دیگر ممالک سے آنے کے لیے مشروط اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے سعودی وزارت حج و عمرہ کے ترجمان ہشام سعید نے کہا ہے کہ25 جولائی سے داخلی عمرہ زائرین کو امازت نامے جاری کیے جا رہے ہیں۔ عمرہ ویزوں کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ بیرونی عمرہ زائرین کے لیے اہم شرط یہ ہے کہ عمر 18 سال سے کم نہ ہو۔ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) سے منظور شدہ ویکسینوں میں سے کوئی ایک ویکسین لگوالی ہو۔ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے فائزر، ایسٹرازینکا، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا سمیت چار ویکسینوں کی منظوری دی ہے۔