ضرورت پڑی تو میں اپنی کشتی کے ساتھ تیار ہوں

اسلام آباد کی صورتحال پر صدر مملکت کی کشتی میں سوار تصاویر شئیر کرنے پر عارف علوی کا رد عمل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 29 جولائی 2021 11:17

ضرورت پڑی تو میں اپنی کشتی کے ساتھ تیار ہوں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جولائی 2021ء) : اسلام آباد میں بارش اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی کشتی میں سوار تصاویر شئیر کرنا شروع کر دیں جس پر اب صدر مملکت کا رد عمل بھی آ گیا ہے ۔ صدر عارف علوی کی کراچی میں بارشوں کے دوران کشتی چلانے کی پرانی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس پر صارفین کی جانب سے تبصرے کیے گئے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں ہونے والی طوفانی بارش کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور امدادی کاموں کی نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کیا ۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسلام آباد ایسے ہی میرا شہر ہے جیسے کراچی، پاکستان کے باقی خوبصورت شہر بھی میرے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پر اعتماد ہوں کہ اسلام آباد انتظامیہ اپنا کام بخوبی انجام دے رہی ہے تاہم ضرورت پیش آنے پر اپنی کشتی کے ساتھ مدد کے لیے تیار ہوں۔

یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بدھ کی صبح ہونے والی طوفانی بارش نے تباہی مچادی۔ ای الیون اسلام آباد میں برساتی نالہ اوور فلو ہوگیا تھا جس کی وجہ سے پانی گھروں ، مارکیٹوں اور دیگر عمارتوں کے تہہ خانوں میں گھس گیا کئی گاڑیاں بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔جڑواں شہروں میں شدید بارش کے باعث راول ڈیم اور نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح کافی بلند ہو گئی، امدادی ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے خود بھی نالہ لئی کا معائنہ کیا ۔

موسلا دھار بارش سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس کے بعد انتظامیہ نے ای الیون نالے کےگرد عارضی مٹی کے بند لگا دیے ہیں۔ تاہم سیکٹر ای الیون کی کئی عمارتوں کے تہہ خانوں میں اب بھی پانی موجود ہے۔