انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امریکہ نے بھارت کو وارننگ دے دی

اقلیتی برادری کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر امریکہ نے نوٹس لیتے ہوئے اقلیتوں کے حق میں آواز بلند کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 29 جولائی 2021 11:42

انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امریکہ نے بھارت کو وارننگ دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جولائی 2021ء) : انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے امریکہ نے بھارت کو وارننگ دے دی ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد سے مسلمانوں سمیت اقلیتی برادری کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں جس پر امریکہ نے نوٹس لیتے ہوئے اقلیتوں کے حق میں آواز بلند کر دی۔

دورہ بھارت پر گئے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے مودی حکومت کو تنبیہہ کی کہ وہ جمہوریت کو کمزور کرنے سے باز رہیں۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی جانب سے بھارت کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت ملک میں انسانی حقوق سے انحراف نہ کرے۔ بلنکن نے بھارتی سول سوسائٹی کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مودی حکومت پر انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے دباؤ ڈالیں۔

(جاری ہے)

امریکی وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے معاملے پر کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی اُسے قبول کرنے میں ہی ہے، امریکہ اور بھارت کو مل کر جمہوری اقدار پر کھڑا ہونا ہو گا۔ واضح رہے کہ بھارت میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف عالمی طاقتوں کی جانب سے مکمل خاموشی ہے تاہم اب امریکہ کی جانب سے آواز بلند کی گئی ہے۔ اس حوالے سے جرمن اخبار ڈوئچے ویلے نے لکھا کہ امریکی وزیر خارجہ نے بھارت کو وارننگ ایسے موقع پر دی جب بھارتی حکومت اپنی مسلم اقلیت کے خلاف سرگرم ہے اور انہیں دبانے پر اسے شدید عالمی تنقید کا سامنا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ خود کو سیکولر ریاست کہنے والے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کے خلاف پہلے بھی کئی مرتبہ آواز بلند کی گئی، اقلیتوں بالخصوص مسلم کمیونٹی کو بھارت میں امتیازی سلوک کا سامنا رہتا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کسی سے ڈھکے چُھپے نہیں ہیں۔