حسن علی 50 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے تیز ترین پاکستانی بائولر بن گئے

فاسٹ بائولر نے اب تک 38 میچوں میں 21.45 کی اوسط، 8.34 کے اکانومی ریٹ سے 51 ٹی ٹونٹی وکٹیں حاصل کررکھی ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 جولائی 2021 12:39

حسن علی 50 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے تیز ترین پاکستانی بائولر بن گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جولائی 2021ء ) فاسٹ بولر حسن علی 50 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے تیسرے تیزترین بائولر بن گئے۔ حسن علی نے برج ٹاؤن میں پہلے ٹی ٹونٹی کے تیسرے اوور میں ویسٹ انڈین اوپنر ایوین لیوس کو آؤٹ کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ لیوس کی وکٹ کے ساتھ حسن ٹی ٹونٹی میں اس سنگ میل کو حاصل کرنے والے 9 ویں پاکستانی بائولر بن گئے۔

اس سے قبل شاہد آفریدی ، عمر گل ، سعید اجمل ، محمد عامر ، محمد حفیظ ، شاداب خان ، سہیل تنویر اور عماد وسیم یہ سنگ میل عبور کرنے والے پاکستانی بائولر تھے۔

(جاری ہے)

حسن 38 میچوں میں اس سنگ میل پر پہنچنے والے تیسرے تیز ترین پاکستانی بائولرہیں۔ سابق فاسٹ بائولر عمر گل نے 36 میچوں میں 50 وکٹیں مکمل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کررکھا ہے جب کہ سعید اجمل نے 37 میچز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا تھا ،شاداب خان اور محمد عامر نے 41،41 میچز کھیل کر 50 وکٹیں مکمل کیں ۔

حسن علی میچوں کی تعداد کے لحاظ سے 50 وکٹیں حاصل کرنے کا سنگ میل عبور کرنے والے 10ویں بائولر بھی ہیں۔ فاسٹ بائولر نے اب تک 38 میچوں میں 21.45 کی اوسط اور 8.34 کے اکانومی ریٹ سے 51 ٹی ٹونٹی وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔