شاہ محمود قریشی کی بحرین کے وزیر داخلہ سے ملاقات ، دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ

بحرینی وزیر داخلہ نے پاکستان اور بحرین کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے لانے کا عندیہ دیا

جمعرات 29 جولائی 2021 14:51

شاہ محمود قریشی کی بحرین کے وزیر داخلہ سے ملاقات ، دو طرفہ تعاون کے ..
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منامہ میں بحرین کے وزیر داخلہ شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور سیکورٹی و دفاعی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔جاری اعلامیہ کے مطابق بحرینی وزیر داخلہ نے وزیر خارجہ کو بحرین آمد پر خوش آمدید کہا شاہ محمود قریشی ین کہاکہ پاکستان اور بحرین کے مابین یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار، گہرے برادرانہ مراسم ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے دوران بحرین حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا جن کی بدولت بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو کسی قسم تکلیف دہ صورت حال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کرونا وبا کی مشکل گھڑی میں، وزارت داخلہ بحرین کی جانب سے ویزہ ایمنسٹی سکیم، جرمانوں میں چھوٹ، ملزمان کی حوالگی اور وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

بحرینی وزیر داخلہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی میں یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی تعریف کی ۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے مابین مضبوط دفاعی و سیکورٹی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے معاونت کا باعث قرار دیا ۔بحرینی وزیر داخلہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان اور بحرین کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے لانے کا عندیہ دیا۔