پیپلزپارٹی ایک نظریے کا نام ہے پیپلزپارٹی کی بنیادہی کشمیر پر رکھی گئی تھی‘راجہ عبدالخالق

پیپلزپارٹی نے 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے واضح کر دیا آج بھی پیپلزپارٹی خطہ کی بڑی جماعت ہے

جمعرات 29 جولائی 2021 14:57

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر سٹی میرپور کے نائب صدر راجہ عبدالخالق نے کہا کہ ہے آزادکشمیرکے انتخابات میں پیپلزپارٹی نے 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے واضح کر دیا ہے کہ آج بھی پیپلزپارٹی خطہ کی بڑی جماعت ہے اور لوگ اس کو دل سے پسند کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری ، آصف علی زرداری اور آزادکشمیر کی سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور اور آزادکشمیر کے سیاسی امور کے انچارج چوہدری محمد ریاض کی انتھک محنت اور مسلسل کوششوں کی وجہ سے آزادکشمیر کے الیکشن میں پیپلزپارٹی نے 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جس پر ہم تمام کامیاب امیدواران کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںاپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

راجہ عبدالخالق نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک نظریے کا نام ہے پیپلزپارٹی کی بنیادہی کشمیر پر رکھی گئی تھی انہوں نے کہاکہ ہار جیت مقدر کی بات ہے اگر شفاف انتخابات ہوتے تو پیپلزپارٹی کبھی نہ ہارتی ۔ انہوں نے پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر ، چوہدری محمد یٰسین ، راجہ فیصل ممتاز راٹھور ، چوہدری قاسم مجید ، جاوید اقبال بڈھاونی ، سردار یعقوب خان ، سردار جاوید ایوب ، میاں وحید خان ، سید بازل نقوی کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

اور امید کرتے ہیں کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کے عوام کے مسائل کرنے میں اپنا بھرپور کردارادا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی 11 نشستوں پر کامیابی نے واضح کر دیا ہے کہ پیپلزپارٹی سے عوام آج بھی محبت کرتے ہیں اور آج بھی قائدشہید ذوالفقار علی بھٹو ، محترمہ شہیدبے نظیر بھٹو کی قربانیوں پر ان کے ساتھ ہیں ۔