وزیراطلاعات سے گور نر بلوچستان سید ظہور احمد آغا کی ملاقات

بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، چوہدری فواد حسین

جمعرات 29 جولائی 2021 14:59

وزیراطلاعات سے گور نر بلوچستان سید ظہور احمد آغا کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر اطلاعات نے ظہور احمد آغا کو گورنر بلوچستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی،ملاقات میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی موجود تھے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے ماضی میں کسی نے بلوچستان کی ترقی پر توجہ نہیں دی، پی ٹی آئی کی حکومت نے بلوچستان کو سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دیا، وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ بلوچستان پیکیج سے خطے کی ستر سالہ محرومیوں کا خاتمہ ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا، بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے حقیقی گیم چینجر ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں ترقی کے لئے امن ضروری ہے، امید ہے گورنر بلوچستان امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ گور نر بلوچستان نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کی محرومیوں کو دور کرنے کی کوششیں قابل ستائش ہیں، انہوںنے کہاکہ وفاق اور صوبائی حکومت کے مابین بہتر روابط کے لئے اپنا کردار جاری رکھوں گا، دونوں حکومتوں کے درمیان بہتر روابط کا فائدہ بلوچستان کے عوام کو ہوگا۔